برمُودا شارٹس: اگلی گرمیوں میں مردوں کے لباس کا اہم جزو
23 جون 2013مردوں کے فیشن کو متعارف کروانے والے ڈیزائنر کا خیال ہے کہ اگلی گرمیوں میں مرد حضرات اب ویک اینڈ کا انتظار نہیں کریں گے بلکہ دوران ہفتہ ہی برمودا شارٹس کا استعمال جاری رکھیں گے۔ فیشن ڈیزائنر کا خیال ہے کہ برمودا شارٹس کے ساتھ برساتی، اوور کوٹ یا ڈریس کوٹ کا استعمال قطعاً معیوب نہیں خیال کیا جائے گا۔ ڈیزائنر کے مطابق برمُودا شارٹس کے ساتھ بغیر موزوں کے سینڈلز یا کسی بھی قسم کے بوٹ یا دوسرے جوتے بھی مناسب رہیں گے۔
برمودا شارٹس کے حوالے سے ایسے محسوسات یورپی ملک اٹلی کے فیشن سٹی میلان میں شروع ہونے والے فیشن ویک کے دوران عام ہوئے ہیں۔ برمودا شارٹس کے حوالے سے چار نوجوان ڈیزائنروں کی کاوشیں سامنے آئی ہیں۔ ان میں دو اطالوی، ایک جرمن اور چوتھا چین سے تعلق رکھتا ہے۔ میلان فیشن ویک میں کُل 78 ڈیزائنر اپنی نئی کلیکشن کو پیش کر رہے ہیں۔ حالیہ برسوں کے دوران میلان فیشن ویک میں شرکت کرنے والے ڈیزائنرز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
برمودا شارٹس کی مناسبت سے نوجوان اطالوی ڈیزائنر اسٹیفانو پیلاٹی نے اپنے منتخب ملبوسات کو مشہور اطالوی برانڈ ارمینے گلڈو زیگنا کے پلیٹ فارم سے پیش کیا۔ زیگنا عالمی شہرت کا مردوں کا فیشن ہاؤس ہے جو سن 1910 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ فیشن ہاؤس کئی مشہور برانڈز کے لیے بھی ملبوسات تیار کرتا ہے۔ ان میں گوچی، ایو ساں لوراں اور ٹام فورڈ نمایاں ہیں۔ ڈیزائنر اسٹیفانو پیلاٹی نے اپنے ملبوسات میں برمودا شارٹس کو خاص طور پر اجاگر کیا۔ اسی فیشن ویک میں انتالیس سالہ اطالوی ڈیزائنر اندریا پومپیلیو نے بھی اپنا رنگ جمایا اور ان کی کلیکشن میں امریکی غیر روایتی انداز کو اہمیت دی گئی تھی۔
اُنیس جون سے شروع ہونے والے میلان فیشن ویک کے پہلے دن خاص طور پر مردوں کے پہناووں کو مختلف ڈیزائنرز نے پیش کیا۔ بعد کے ایام میں بھی مردوں کے لباس میں اختراعات کو پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسٹیفانو پیلاٹی کے علاوہ مشہور جرمن برانڈ جیل سینڈر کے پلیٹ فارم سے مینر ڈریس میں بھی برمودا شارٹس نمایاں تھیں۔ اس میں ڈھیلی ڈھالی شارٹس کو ماہرین نے استحسانی نظروں سے دیکھا۔ اس فیشن ویک میں مشہور اطالوی ٹرینڈ سیٹر برانڈ ڈولچے این گبانا کی جانب سے بھی برمودا شارٹس کو مردوں کے ملبوسات کا حصہ بنایا گیا۔
میلان فیشن ویک ایک سال میں دو مرتبہ پلان کیا جاتا ہے۔ اس فیشن ویک کا سلسلہ سن 1958 میں شروع کیا گیا تھا۔ میلان فیشن ویک کو فیشن ورلڈ کے چار اہم اور بڑے انٹرنیشنل فیشن ویکس میں شمار کیا جاتا ہے۔ بقیہ تین میں پیرس فیشن ویک، لندن فیشن ویک اور نیو یارک فیشن ہیک شامل ہیں۔ میلان فیشن ویک کا منتظم ادارہ نیشنل چیمبر برائے اٹالیئن فیشن ہے۔
(ah/ng(AP