بحرین گراں پری، موجودہ سیزن میں فیٹل کی پہلی فتح
22 اپریل 2012سخیر سرکٹ پر اس گراں پری کے انعقاد کے خلاف بحرین میں کئی دنوں سے مظاہرے کیے جا رہے تھے۔ ان مظاہروں میں شیعہ اکثریتی آبادی کی نمائندہ اپوزیشن جماعت الوفاق پیش پیش تھی۔ تاہم بحرین کے سنی اقلیت سے تعلق رکھنے والے حکمرانوں نے اس گراں پری کا انعقاد منسوخ کرنے سے قطعی طور پر انکار کر دیا تھا۔
اسی پس منظر میں بحرین میں گزشتہ چند دنوں کے دوران کئی مقامات پر شدید عوامی مظاہرے اور خونریز ہنگامے بھی ہوئے تھے جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
چوبیس سالہ جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل موجودہ عالمی چیمپئن ہیں جو اس سال اپنے اعزاز کا دفاع کر رہے ہیں۔ ریڈ بُل ٹیم کے اس جرمن ڈرائیور نے کل ہفتے کو بحرین کی اس گراں پری کے کوالیفائنگ مرحلے میں سب سے تیز ڈرائیونگ کرتے ہوئے پول پوزیشن بھی حاصل کر لی تھی۔
سباستیان فیٹل نے سخیر سرکٹ پر آج کی ریس کا آغاز سب سے آگے یعنی پول پوزیشن سے کیا اور اپنی یہ برتری آخر تک برقرار رکھی۔ اس طرح وہ یہ گراں پری ریس جیتنے میں کامیاب رہے جو فارمولا ون موٹر ریسنگ کی سال رواں کی عالمی چیمپئن شپ میں ان کی پہلی کامیابی ہے۔
سخیر سرکٹ پر جرمن ڈرائیور فیٹل کے بعد غیر متوقع طور پر لوٹس ٹیم کے فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کیمی رائیکونین دوسرے اور لوٹس ٹیم ہی میں ان کے ساتھی ڈرائیور رومین گروسیاں تیسرے نمبر پر رہے۔ رائیکونین سٹارٹ پوائنٹ پر اس دوڑ میں گیارہویں پوزیشن سے شامل ہوئے تھے۔
بحرین میں آج کی فتح کے بعد سباستیان فیٹل کو اس سال کی عالمی چیمپئن شپ میں ایک ڈرائیور کے طور پر پہلی پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔ اس وقت وہ مجموعی طور پر اپنے تریپن پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
ان سے پہلے ڈرائیورز چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن میکلارن ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لوئس ہیملٹن کے پاس تھی۔ ہیملٹن اب پوائنٹس ٹیبل پر اپنے انچاس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بحرین گراں پری میکلارن ٹیم کے لیے ایک برا تجربہ ثابت ہوئی۔ اس ٹیم کے برٹش ڈرائیور ہیملٹن ریس کے دوران اپنی ٹیم کے مکینکوں کی غلطی کی وجہ سے شروع میں اپنی پوزیشن کافی بہتر ہونے کے باوجود کافی پیچھے رہ گئے۔ تاہم انہوں نے یہ ریس مکمل کی اور مجموعی طور پر آٹھویں نمبر پر رہے۔
ہیملٹن کے برعکس ان کے ٹیم ساتھی اور ہموطن ڈرائیور جینسن بٹن کو اس ریس کے آخری سے پہلے راؤنڈ میں مقابلے سے ریٹائر ہونا پڑ گیا۔ وہ اس وقت تیرہویں نمبر پر تھے۔
ij/hk/Reuters/AFP