بحرین کی طرف سے پاکستان کو نئے ’فٹبال کوچ کا عطیہ‘
23 اگست 2013پاکستان نے اپنی قومی فٹبال ٹیم کی قسمت بدلنے کے لیے نیا کوچ رکھا ہے۔ محمد شملان کا تعلق بحرین سے ہے اور یہ بغیر کسی فیس کے پاکستانی کھلاڑیوں تربیت فراہم کریں گے۔ محمد شملان پاکستانی ٹیم کے سربیا سے تعلق رکھنے والے کوچ Zavisa Milosavljevic کی جگہ لیں گے۔ ان کا دو سالہ کنٹریکٹ نومبر میں اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے سیکریٹری احمد یار لودھی کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شملان بحرین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک ’’تحفہ‘‘ ہیں۔ ان کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’بحرین پاکستان کا دوست ملک ہے اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اس ملک کی فٹبال فیڈریشن سے اچھے تعلقات ہیں۔ اسی وجہ سے ہمیں ان کا کوچ بغیر کسی معاوضے کے مہیا کیا گیا ہے۔‘‘
پاکستان نے رواں ماہ ہونے والے جنوبی ایشائی فٹبال فیڈریشن کپ (SAFF) کی تیاری کے سلسلے میں افغانستان کی ٹیم سے کابل میں دوستانہ میچ کھیلا تھا، جس میں اسے تین صفر سے تاریخی شکست ہوئی۔ پاکسستان کا سن 1977ء کے بعد افغانستان سے یہ پہلا میچ تھا۔ ایس اے ایف ایف کپ کا انعقاد اکتیس اگست سے نیپال میں ہو رہا ہے اور اس کا فائنل گیارہ ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا افتتاحی میچ بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان اور بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں پول اے میں کھیلیں گی جب کہ افغانستان، مالدیپ، سری لنکا اور بھوٹان کی ٹیمیں پول بی میں مد مقابل ہوں گی۔
کرکٹ کے برعکس پاکستان کی فٹبال ٹیم ہمیشہ ہی سے کمزور رہی ہے۔ ماضی میں مختلف ممالک کے کوچ پاکستانی کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کرتے رہے ہیں لیکن سن 2005ء سے 2006ء میں بحرین ہی کے کوچ سلمان شریدا کچھ بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے تھے۔ اس وقت محمد شملان پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ سلمان شریدا کے نائب تھے۔ شملان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر قؤت بروئے کار لائیں گے۔ شملان کا کہنا تھا، ’’چند برس پہلے میں یہاں تھا اور کھلاڑیوں کے ساتھ دوستی رکھنے میں کامیاب رہا تھا۔ میں ان کو جانتا ہوں او ر ان کی کارگردگی کو بڑھاؤں گا۔‘‘
پچاس اور ساٹھ کی دہائی میں پاکستانی ٹیم کا شمار ایشیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا تھا لیکن حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے یہ کھیل بری طرح متاثر ہوا ہے۔ فٹبال کی دنیا میں اس وقت پاکستان کا نمبر 167واں ہے۔