بحرين گراں پری ميں لوئس ہملٹن فاتح
7 اپریل 2014اتوار کو ہونے والی اس ريس ميں مرسڈيز ٹيم کے دونوں ڈرائيور لوئس ہملٹن اور نيکو روزبرگ کے درميان سنسنی خيز مقابلہ ديکھنے ميں آيا اور آخری لمحات ميں برتری حاصل کرتے ہوئے ہيملٹن نے محض کوئی ايک سيکنڈ کے فرق سے ريس جيت لی۔ لوئس ہملٹن نے يہ ريس 1.085 سيکنڈ کے فرق سے جيتی جبکہ دوسری پوزيشن پر انہی کی مرسڈيز ٹيم کے ساتھی نيکو روزبرگ آئے۔
2008ء کے عالمی چيمپئن ہملٹن کی يہ فارمولا ون کے رواں سيزن ميں دوسری لگاتار کاميابی ہے۔ بحرين گراں پری ميں کاميابی حاصل کرنے کے بعد ان کے کيريئر کی کُل فتوحات کی تعداد اب چوبيس ہو گئی ہے۔ ريس کے بعد ہيملٹن نے بات چيت کرتے ہوئے کہا، ’’نيکو نے پوری کی پوری ريس کے دوران بہترين ڈرائيونگ کی اور ميرے ليے اس کو پيچھے چھوڑنا کافی مشکل تھا۔‘‘ برطانوی ڈرائيور کے بقول 2007ء ميں اُن کے فارمولا ون کيريئر کے آغاز سے اب تک يہ اُن کی سب سے مشکل ريس تھی۔
اِس کاميابی کے ساتھ 2014ء ميں اب تک ہونے والی تينوں فارمولا ون ريسوں ميں مرسڈيز ہی کی ٹيم فاتح رہی ہے۔ سال رواں کی پہلی فارمولان ون ريس آسٹريليا ميں منعقد ہوئی تھی، جس ميں جرمنی سے تعلق رکھنے والے نیکو روزبرگ نے کاميابی حاصل کی تھی۔ اتوار کو ہونے والی اس ريس ميں تيسری پوزيشن فورس انڈيا ٹيم کے سرجيو پيريز نے حاصل کی جبکہ اُنہی کی ٹيم کے نيکو ہلکن برگ پانچويں پوریشن حاصل کی۔
بحرين گراں پری کے بعد فارمولا ون کے پوائنٹس ٹيبل پر جرمنی کے نيکو روزبرگ اکسٹھ پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہيں جبکہ دوسری پوزيشن پر اُنہی کی مرسڈيز ٹيم کے لوئس ہملٹن ہيں، جن کے پوائنٹس کی تعداد پچاس ہے۔ ايک اور جرمن نيکو ہلکن برگ اٹھائيس پوائنٹس کے ساتھ تيسرے نمبر پر ہيں جبکہ فراری کے ليے گاڑی چلانے والے ہسپانوی ڈرائيور فرنانڈو اولانسو چھبيس پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور میک لارن کے برطانوی ڈرائيور جينسن بٹن تيئس پوائنٹس کے ساتھ پانچويں پوزيشن پر ہيں۔ ريڈ بل ٹيم کے دفاعی چیمپیئن جرمن ڈرائيور سباستيان فيٹل اب تک تيئس پوائٹس حاصل کرنے ميں کامياب رہے ہيں اور وہ چھٹی پوزيشن پر براجمان ہيں۔
کنسٹرکٹرز ريٹنگز ميں مرسڈيز 111 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، فورس انڈيا 44 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور مک لارن 43 پوائنٹس کے ساتھ تيسری پوزيشن پر ہے۔