بارسلونا میں چیمپئنز لیگ کا سیمی فائنل: ایک سپورٹس رپورٹر کے تاثرات
2 مئی 2013اس میچ کو دیکھنے کے لیے ڈوئچے ویلے کے سپورٹس رپورٹر ٹوبیاس اوئل مائر بھی موجود تھے جن کا یہ تجربہ بہت منفرد رہا۔ ٹوبیاس اوئل مائر خاص طور پر اس میچ کے لیے بارسلونا گئے تھے جنہیں اس بارے میں بڑا تردد کرنا پڑا کہ کسی طرح وہ یہ میچ دیکھ سکیں اور وہ بھی معمول سے ہٹ کے۔
اس میچ کو دیکھنے کے لیے بائرن میونخ کی ٹیم کے فین کے طور پر ٹکٹ حاصل کرنا تقریباﹰ ناممکن ہو چکا تھا۔ ایف سی بارسلونا نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ کی خاطر بائرن میونخ کو اس کے اسپین جانے والے مداحوں کے لیے کم از کم پانچ ہزار سیٹیں مہیا کی تھیں لیکن یہ ٹکٹ تو چند ہی گھنٹوں میں ختم ہو گئے تھے۔
وہ جو مداحوں کے طور پر بائرن میونخ کلب کے باقاعدہ ارکان نہیں تھے، انہیں اس میچ کا ٹکٹ مل سکنا تو ویسے بھی محال تھا۔ لیکن ایسے جرمن مداح جن کے پاس فین کے طور پر اس کلب کی رکنیت کے باقاعدہ شناختی کارڈ بھی تھے، وہ بھی سارے ہی اس میچ کا ٹکٹ حاصل نہیں کر سکتے تھے۔
ٹوبیاس اوئل مائر پچھلے قریب چار عشروں سے بائرن میونخ کے فین ہیں اور انہوں نے اسی سال باقاعدہ طور پر اس کلب کی رکنیت حاصل کی تھی۔ لیکن اوئل مائر کے بائرن میونخ کے کلب کارڈ کا نمبر 198223 ہے اور سوال یہ ہے کہ جب کلب ارکان اتنے ہوں تو محض پانچ ہزار ٹکٹ تو اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر محسوس ہوتے ہیں۔
بائرن میونخ سے محبت اور ٹوبیاس اوئل مائر کی ذاتی زندگی کے حوالے سے ایک اہم بات یہ ہے کہ یہ جرمن صحافی اس دن پیدا ہوئے تھے جب بائرن میونخ نے پہلی مرتبہ یورپی کپ جیتا تھا۔ انہیں اس جرمن کلب سے اپنی محبت کے باعث اپنا بائرن میونخ کی ممبرشپ کا کارڈ بھی بہت عزیز ہے۔ اسی لیے وہ احتیاطی طور پر اپنا یہ کارڈ اپنے ہوٹل میں ہی چھوڑ گئے تھے اور اس میچ کے لیے اسٹیڈیم جاتے ہوئے ان کے پاس ایک ایسا کارڈ تھا، جس پر لکھا تھا، ’صرف ایف سی بارسلونا کے شائقین کے لیے۔‘
اس ٹکٹ کی اصل قیمت صرف 140 یورو تھی لیکن اوئل مائر نے یہ ٹکٹ آن لائن خریدا جس کے لیے انہیں آخری وقت پر 270 یورو یا قریب دگنی قیمت ادا کرنا پڑی۔ یہ کارڈ بارسلونا کے ایک ایسے ہسپانوی فین نے بیچا تھا جو چند روز قبل میونخ میں اس سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کے میچ میں بارسلونا کی بہت بری شکست کے بعد دلبرداشتہ ہو کر اب بارسلونا میں ہونے والا میچ نہیں دیکھنا چاہتا تھا۔ یہ ٹکٹ ٹوبیاس اوئل مائر کو پھر بھی اچھی قیمت پر مل گیا تھا کیونکہ عین آخری وقت پر تو اس میچ کے کئی ٹکٹ 800 یورو فی کس کی ہوشربا قیمت پر بھی فروخت ہوئے۔
اس طرح بائرن میونخ کے فین ٹوبیاس اوئل مائر نے بارسلونا میں یہ میچ اسٹیڈیم کے ایف سی بارسلونا کے مداحوں کے لیے مخصوص حصے میں بیٹھ کر دیکھا۔ اس کے لیے ڈوئچے ویلے کے اس سپورٹس جرنلسٹ کو اپنا حلیہ بھی بارسلونا کے مداحوں کی طرح بنانا پڑا کیونکہ فٹ بال کی نگران یورپی تنظیم کے طے کردہ ضوابط کے مطابق کسی ایک ٹیم کا کوئی فین مخالف ٹیم کے مداحوں کے لیے مخصوص حصوں میں نہیں بیٹھ سکتا۔ اس کا مقصد کسی بھی طرح کے ممکنہ حالات میں مخالف ٹیموں کے مداحوں کے مابین تکرار یا لڑائی جھگڑے کا پیشگی تدارک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر ٹکٹ جاری کرتے ہوئے کسی بھی فین کا پاسپورٹ بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔
بہرحال اوئل مائر نے یہ میچ دیکھا اور یہ میچ بھی پہلے سیمی فائنل کی طرح بائرن میونخ نے جیت لیا۔ اس مرتبہ صفر کے مقابلے میں تین گولوں کے فرق سے۔ اب بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کا فائنل کھیلے گی لیکن سوال یہ ہے کہ ویمبلے اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے لیے ٹکٹ کے حصول کو یقینی کیسے بنایا جائے۔
T. Oelmaier, mm / ia