بات ہو جائے نمک کی
26 اپریل 2022کیا آپ چپس، سویا سوس یا فروزن پیزا ہمیشہ کے لیے چھوڑ سکتے ہیں؟ کچھ لوگ ان نمکین چیزوں کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ مگر جرمن وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ پچھلے تیس سال سے ایک قدرے سخت گیر طریقے پر عمل کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ نمک کے حوالے سے ان کا یہ طریقہ کار صحت کے لیے ہے۔
ویکسین کی بجائے نمک کے پانی کا ٹیکا: جرمنی میں متعدد افراد متاثر
ہم سبھی جانتے ہیں کہ نمک کا زیادہ استعمال ہمارے لیے زیادہ اچھا نہیں، مگر کیا اس کے لیے ہمیں لاؤٹرباخ کے سخت گیر طریقے پر عمل کرنا چاہیے؟ جرمن شہر ہیمبرگ کے غذائیت کے شعبے سے وابستہ ماہر ماتھیاس ریِڈل کے مطابق اس کی کوئی ضرورت نہیں، مگر نمک کے حوالے سے کچھ صحت مندانہ جہت ضروری ہے۔
جسم کو نمک چاہیے مگر کم مقدار میں
نمک زندگی کے لیے ضروری ہے۔ یہ سمجھنے کے لیے اس کے درپردہ سائنس پر نگاہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ نمک سوڈیم کلورائیڈ نامی کیمائی مرکب کا نام ہے۔ ہمارے جسم کو پانی کی مقدار کو توازن میں رکھنے کے لیے سوڈیم کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح سے نظام انہضام عمدگی سے کام کرتا ہے اور اعصاب اور پٹھے فعال رہتے ہیں۔ اس تمام کام کے لیے جسم کو ایک گرام نمک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نمک کی مناسب مقدار بہتر صحت کے لیے ضروری ہے۔
رِیڈل کے مطابق، ''نمک دیگر خوراکوں کی طرح جسم کی ضرورت ہے۔ کم نمک صحت کے لیے اچھا نہیں، کیوں کہ صحت میں اس کا ایک کردار ہے۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ اس کا استعمال بڑھ جلدی جاتا ہے۔‘‘
ایک چمچ نمک روزانہ
عالمی ادارہ صحت کے مطابق نمک کا زیادہ سے زیادہ استعمال پانچ گرام تک ہو سکتا ہے یعنی ایک چائے کے چمچ کے برابر۔ ایک فروزن پیزا ہی میں اس سے زیادہ نمک ہوتا ہے۔ ایسا ہی کچھ معاملہ دو کھانے کے چمچ سویا سوس کے ساتھ بھی ہے۔
رِیڈل کے مطابق اگر ایسا کبھی شاذونادر ہو جائے تو زیادہ بڑا مسئلہ نہیں مگر عموماﹰ لوگ پانچ گرام کے حد کو روزانہ کی بنیاد پر توڑنا شروع کر دیتے ہیں۔
وسطی ایشیا میں نمک کا استعمال بہت زیادہ ہے۔ چین میں روزانہ اوسطاﹰ دس اعشاریہ نو گرام نمک استعمال کیا جاتا ہے، جو عالمی ادارہ صحت کی دی گئی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔
یورپ میں جرمنی، پرتگال اور اٹلی جب کہ یورپ سے باہر امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی روزانہ کی اس گائیڈ لائن کو خاطر میں نہیں لایا جاتا۔ جنوبی امریکا میں بھی حالت مختلف نہیں۔ خصوصاﹰ برازیل، کولمبیا اور بولیویا میں نمک کا استعمال زیادہ ہے۔ براعظم افریقہ میں بھی فقط چند ہی ممالک ہیں جو صحت مندانہ سطح کے مطابق نمک کا استعمال کرتے ہیں۔
زیادہ نمک کا استعمال زیادہ بلڈپریشر
سوال یہ ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے نمک کے استعمال کی حد کیوں مقرر کر رکھی ہے؟ سائنسی مطالعے بتاتے ہیں کہ اگر اس حد سے زیادہ نمک استعمال کیا جائے تو صحت پر منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہو جاتے ہیں خصوصاﹰ بلڈپریشر پر۔
نمک چوں کہ پانی کے ساتھ تعامل کرتا ہے، اس سے انسانی بافتوں پر دباؤ میں اضافہ ہوتا ہے، جس کا براہ راست اثر دوران خون میں اضافہ اور دل کے دورے یا اسٹروک کا خطرہ بڑھنے کی صورت میں برآمد ہو سکتا ہے۔