بائرن میونخ: جیت کا سلسلہ جاری
28 جنوری 2013بائرن میونخ اور اشٹٹ گارٹ کی ٹیمیں اتوار کو بنڈس لیگا کے انیسویں میچ ڈے کے آخری میچ کے لیے میدان میں اتریں۔ یہ مقابلہ بائرن میونخ نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا اور یوں اس نے اپنی پوزیشن مضبوط سے مضبوط تر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
کرسمس بریک کے بعد بنڈس لیگا کے اٹھارویں میچ ڈے سے ہی بائرن میونخ نے جیت کا سلسلہ ٹوٹنے نہیں دیا ہے۔ انیسویں میچ ڈے کے اختتام پر یہ بدستور سرفہرست ٹیم ہے اور اب اسے 48 پوائنٹس حاصل ہیں۔ دوسرے نمبر کی ٹیم بائر لیور کوزن اس سے 11پوائنٹس پیچھے ہے۔
اتوار کو انیسویں میچ ڈے کے آخری دو میچ کھیلے گئے تھے، ان میں سے پہلے میچ میں ہیمبرگ نے بریمن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ اس میچ ڈے کا آغاز حسب معمول جمعے کو ہوا۔ پہلے میچ میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم فاتح رہی تھی۔ اس نے نیوریمبرگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے مات دی تھی۔
ہفتے کے مقابلوں میں مائنز نے گروئتھر فیورتھ کو تین صفر سے پچھاڑا۔ مؤنشن گلاڈ باخ نے ڈسلڈورف کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ شالکے اور آؤگس برگ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ فرائی برگ اور لیورکوزن کی ٹیمیں بھی اپنے میچ میں کوئی گول نہ کرسکیں اور ان کا مقابلہ بھی بے نتیجہ رہا۔
ہینوور نے وولفس برگ کو دو ایک سے مات دی۔ آئنتراخٹ فرینکفڑٹ نے بھی ہوفن ہائیم کو دو ایک سے ہی شکست دی۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس ہفتے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر چار ٹیمیں اُوپر گئیں۔ مائنز 30 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ مؤنشن گلاڈ باخ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے، اسے 29 پوائنٹس حاصل ہیں۔ چھبیس پوائنٹس کے ساتھ ہینوور کو دسویں پوزیشن مل گئی ہے جبکہ آؤگس برگ سولہویں نمبر پر پہنچ گئی اور اس کے پوائنٹس 13 ہو گئے ہیں۔
لیور کوزن اس ہفتے اپنا میچ نہیں جیت سکی۔ بے نتیجہ میچ کی وجہ سے اسے محض ایک پوائنٹ ملا ہے اور اس کے مجموعی پوائنٹس 37 ہو گئے۔ اس کی پوزیشن تو برقرار رہی ہے لیکن تیسرے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ نے اس ہفتے کا میچ جیت کر لیور کوزن کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ اب ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 36 ہو گئے ہیں۔ آئنتراخٹ فرینکفرٹ 33 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ