بائرن اور ہینوور نے مخالف ٹیموں کو دھو ڈالا
24 فروری 2013بنڈس لیگا کے تیئسویں میچ ڈے کے دوسرے روز حسبِ معمول چھ مقابلے ہوئے۔ پہلا میچ نمبر وَن ٹیم بائرن میونخ اور بریمن کے درمیان ہوا۔ بریمن کی ٹیم صرف ایک گول اسکور کر سکی۔ بائرن نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے چھ گول اسکور کیے اور یوں بریمن کو بدترین شکست دی۔
اسی طرح ہفتے کو ہی کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں ہینوور نے ہیمبرگ کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی۔ دیگر مقابلوں میں آؤگس برگ نے ہوفن ہائیم کو دو ایک سے شکست دی۔ شالکے نے بھی ڈسلڈورف کو دو ایک سے ہی مات دی۔
اشٹٹ گارٹ اور نیورمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ مائنز اور وولفس برگ کا مقابلہ بھی بے نتیجہ رہا۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی ایک ایک گول ہی اسکور کر پائیں۔
تیئسویں میچ ڈے کے پہلے روز جمعے کا واحد میچ فرائی برگ اور فرینکفرٹ آئنتراخت کی ٹیموں کے درمیان ہوا۔ دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی اور یوں یہ مقابلہ صفر صفر سے بے نتیجہ رہا۔
اس میچ ڈے کے دو مقابلے ابھی باقی ہیں جو آج بروز اتوار ہوں گے۔ ان میں سے پہلے مقابلے کے لیے مؤنشن گلاڈ باخ اور ڈورٹمنڈ کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی جبکہ دوسرے میچ میں لیورکوزن اور گروئتھر فیورتھ کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
پوائنٹس ٹیبل:
بنڈس لیگا کے اس سیزن میں بائرن میونخ کی ٹیم بدستور سرفہرست چلی آ رہی ہے۔ اس دوڑ میں دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن بھی اس سے بہت پیچھے ہیں۔
اس ہفتے کی جیت کے ساتھ بائرن میونخ کے پوائنٹس 60 ہو گئے ہیں۔ ڈورٹمنڈ 42 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ لیورکوزن 41 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ڈورٹمنڈ اور لیور کوزن کے اس میچ ڈے کے مقابلے ابھی باقی ہیں، جس کے بعد ان کے پوائنٹس میں اضافہ متوقع ہے۔
فرینکفرٹ آئنتراخت 38 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پانچویں نمبر پر فرائی برگ ہے اور اس کے پوائنٹس 35 ہیں۔ ہیمبرگ 34 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر بالترتیب ہینوور، مائنز اور شالکے ہیں اور ان سب کے پوائنٹس 33 تینتیس ہیں۔
اس ہفتے اب تک ہونے والے مقابلوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ہینوور، اشٹٹ گارٹ اور آؤگس برگ کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔ اشٹٹ گارٹ گیارہویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ آؤگس برگ کو سولہویں پوزیشن مل گئی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ