اینڈی مرے میامی اوپن ٹینس کے فائنل میں پہنچ گئے
30 مارچ 2013اینڈی مرے نے گزشتہ برس میامی اوپن کا فائنل جیتا تھا اسی لیے ان کا مورال بلند ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے سیمی فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی رچرڈ گاسکویت کو چھ سات، چھ ایک اور چھ دو سے مات دی۔ فائنل میں پہنچے والے دوسرے کھلاڑی ڈیوڈ فیرر نے جرمن کھلاڑی ٹومی ہاس کو ہرایا، جو یہ سیمی فائنل جیتنے کی پوزیشن میں تھے۔ اس مقابلے کا اسکور چار چھ، چھ دو اور چھ تین رہا۔
فائنل میں پہنچنے کے بعد اینڈی مرے نے کہا، ’’ میں اپنے لیے سیمی فائنل کو آسان بناسکتا تھا، جب میں پہلے سیٹ کے لیے سروس کروارہا تھا تو اچھا کھیل پیش کرکے صورتحال بہتر کر سکتا تھا مگر میں نہیں کرسکا۔‘‘ مرے کے بقول انہوں نے اپنے مخالف کے شاٹس کا اچھا جواب دیا اور آخری سیٹ میں ان کا حریف چابکدستی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور ہار گیا۔ 2009ء میں بھی چیمپیئن رہنے والے اینڈی مرے نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا سیٹ رچرڈ گاسکویت سے ہارا مگر پھر صورتحال پر قابو پاکر میچ جیت لیا۔
اینڈی مرے میامی اوپن کی تاریخ کے واحد انگلش چیمپیئن ہیں اور وہ فائنل سے قبل ڈیوڈ فیرر کو گیارہ میں سے چھ مقابلوں میں ہرا چکے ہیں۔ نان کلے میدان پر فیرر نے مرے کو محض ایک بار 2011ء کے بارکلے ورلڈ اے ٹی پی ٹوور میں شکست دی تھی۔
اسی طرح گزشتہ روز کے پہلے سیمی فائنل میں فیرر نے عالمی نمبر 15 ٹومی ہاس کو بمشکل شکست دی۔ ہاس کی عمر 35 برس ہے مگر کھیل کے دوران کئی مواقع پر فیرر پر حاوی رہے۔ فائنل میں پہنچنے کے بعد فیرر نے کہا کہ وہ جیت کے لیے اچھے سے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور بالخصوص اپنی اولین سروس اور فور ہینڈ شاٹس کو مزید نکھارنے پر توجہ دیں گے۔
(sks/ ia (AFP