ایم ٹی وی ایوارڈز: کیٹی پیری بہترین گلوکارہ
11 نومبر 2013رواں برس کے یورپی میوزک ایوارڈز (MTV EMA Music Awards) کا میزبان شہر ہالینڈ کا ایمسٹرڈیم تھا۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ بیسویں ایوارڈز کی تقریب تھی۔ اس تقریب کا میزبان امریکی گلوکار ریڈفُو تھا۔ میٹی پیری کو سن 2013 کی بہترین گلوکارہ ایوارڈ دیا گیا۔ اس ایوارڈ کے لیے تین مشہور پوپ گلوکاراؤں کے درمیان مقابلہ تھا۔ ان میں کیٹی پیری کے ہمراہ لیڈی گاگا اور مائلی سائرس شامل تھیں۔ کیٹی پیری نے تیسری مرتبہ بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ بہترین گلوکارہ کے لیے تینوں خواتین کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔
ایوارڈز کی تقریب میں کیٹی پیری نے بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے ایک گیت اَن کنڈیشنلی (Unconditionally) پر زوردار پرفارمنس دی۔ گیت کا موضوع خلا سے تھا اور اس کے لیے تیس فٹ کا جگ مگ کرتا ایک شفاف گیند بنایا گیا تھا۔ مائلی سائرس کے ’’ریکنگ بال‘‘ (Wrecking Ball)نامی ویڈیو کو بہترین قرار دیا گیا۔
برٹش آئرش لڑکوں کے بینڈ ’’وَن ڈائریکشن‘‘ کے لیے بھی تقریب کی رات عمدہ رہی۔ اس گروپ کو بہترین پوپ سنگر بینڈ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسی گروپ میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے ہیری اسٹائلز کو میوزیکل پرفارمنس کے دوران بہترین اسٹائل کا مظاہرہ کرنے کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔
کینیڈا کے جَسٹِن بیبر کو مسلسل چوتھی مرتبہ بہترین مرد گلوکار کا ایوارڈ حاصل ہوا۔ خاتون گلوکارہ بیونسے اور برونو مارز کو گیت پر اداکاری اور گیت نگاری کے انعامات دیے گئے۔ امریکا کے ریپ گلوکاری کے مشہور بینڈ ایم این ایم (Eminem) کو گلوبل آئیکون کے معتبر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ لائف ٹائم ایچیومنٹ کیٹگری میں دیا گیا۔ یُوٹیوب نے ابھی ایک ہفتہ قبل اسی بینڈ کو رواں برس کا بہترین آرٹسٹ قرار دیا گیا۔ یہ امر اہم ہے کہ یُوٹیوب کے ملکیتی ادارے گُوگل نے ابھی رواں برس سے ایوارڈ دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ایوارڈز کی تقریب کے دوران فلپائن میں ہیان سُپر سمندری طوفان کی تباہ کاریوں اور ہزاروں ہلاکتوں پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز کا اہتمام ہر سال ہوتا ہے۔ گزشتہ برس اس کی میزبانی جرمن شہر فرینکفرٹ کو حاصل تھی۔ فرینکفرٹ میں منعقد کی جانے والی تقریب کی میزبان جرمن سپر ماڈل ہائڈی کلُوم تھیں۔ اس سے قبل سن 2001 میں بھی فرینکفرٹ میں انہی ایوارڈز کی تقریب منعقد ہو چکی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن میں بھی دو مرتبہ ایم ٹی وی ایوارڈز کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔ آخری مرتبہ چار سال قبل ان ایوارڈز کی میزبانی برلن کو حاصل تھی۔اگلے برس برطانوی شہر گلاسگو میں یورپی میوزک ایوارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔