اٹلی کی بچت اصلاحات پر میرکل کا اظہارِ اطمینان
12 جنوری 2012انگیلا میرکل نے کہا کہ وہ اٹلی کی عبوری حکومت کی جانب سے منظور کردہ حالیہ اقتصادی اصلاحات کو قَدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ انہوں نے اطالوی وزیر اعظم ماریو مونٹی پر زور دیا کہ اٹلی کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔
برلن میں مونٹی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں میرکل نےکہا: ’’میں سمجھتی ہوں کہ (اصلاحات سے) اٹلی مستحکم ہو گا، اس کی معیشت کے لیے امکانات روشن ہوں گے۔ انہیں بہت تیزی سے نافذ کیا گیا، جس کی ہم قَدر کرتے ہیں۔‘‘
میرکل نے مزید کہا کہ وہ قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنے پر شروع سے ہی زور دیتی رہی ہیں۔ اطالوی وزیر اعظم نے اُمید ظاہر کی کہ اچھی پالیسیوں کا بہتر نتیجہ نکلے گا۔ اس وقت اٹلی کے قرضوں پر اٹھنے والے اخراجات سات فیصد سے اُوپر رہے ہیں جو بدھ کو اس سطح سے ذرا نیچے یعنی 6.94 پر آ گئے۔
مونٹی نے کہا کہ انہوں نے میرکل کے ساتھ ملاقات میں اٹلی کے عوام کے موجودہ حالات کی وضاحت کی ہے اور تینتیس ارب یورو کے بچت پیکیج پر ان کے ردِ عمل کو سراہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ قرضوں کے بحران کے باوجود اٹلی کے مسئلے سے یورو زون کو کوئی خطرہ نہیں۔
مونٹی نے یہ بھی کہا کہ قربانیوں کے باوجود اٹلی کو یورپی یونین کی طرف سے کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا: ’’بدقسمتی سے یورپ میں ہماری اصلاحاتی پالیسوں کو واجب طور پر تسلیم نہیں کیا گیا۔‘‘
اُدھر جرمنی کے ادارہ برائے شماریات نے قبل ازیں بدھ کو کہا کہ یورپ کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت (جرمنی) جو اب تک مالیاتی بحران سے متاثر نہیں ہوئی، گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں ممکنہ طور پر سست رہی ہے۔
اس ادارے کے مطابق گزشتہ برس جرمنی میں جی ڈی پی کی شرح 3.0 فیصد تک بڑھی، لیکن اس کے باوجود آخری سہ ماہی میں اس میں 0.25 فیصد تک کمی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے
ادارت: حماد کیانی