آسٹریلین اوپن: آلکارس کو ہرا جوکووچ سیمی فائنل میں
21 جنوری 2025آسٹریلین اوپن کے پہلے کوارٹر فائنل میں ہسپانوی اسٹار کارلوس آلکارس کو شکست دینے کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہو گئے ہیں کہ سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ گیارہویں مرتبہ بھی آسٹریلین اوپن جیت سکتے ہیں
میلبورن میں کھیلے گئے اس کوارٹر فائنل میں 37 سالہ جوکووچ نے 21 سالہ الکارس کو چار چھ، چھ چار، چھ تین اور چھ چار سے شکست دی۔ منگل 21 جنوری کو آسٹریلیا میں رات گئے تک جاری رہنے والے اس میچ میں ہسپانوی کھلاڑی آلکارس نے سخت مزاحمت دکھائی لیکن وہ جوکووچ کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔
جوکووچ دس مرتبہ آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وہ 24 گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں، جو مردوں کے سنگلز مقابلوں کا ایک اچھوتا ریکارڈ ہے۔
ٹینس چمپیئن جوکووچ کو شکست دینے والے الکاراز کون ہیں؟
آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جوکووچ کے نام
گرینڈ سلام مقابلوں میں جوکووچ مجموعی طور پر پچاسویں سیمی فائنل میں جلوہ گر ہوں گے۔ سیمی فائنل میں ان کا سامنا الیگزینڈر زوارِف سے ہو گا۔ عالمی نمبر دو جرمن کھلاڑی زوارِف نے کواٹر فائنل میں امریکی ٹینس اسٹار ٹومی پال کو شکست دی۔
جس طرح انہوں نے الکارس کا شکست دی ہے، اسے دیکھتے ہوئے ایسے اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ عالمی نمبر سات جوکووچ دنیا میں سب سے زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ مردوں میں تو وہ پہلے ہی نمبر ایک پر ہیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال ہیں، جنہوں نے 22 گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں جبکہ تسیرے نمبر پر بیس گرینڈ سلام ٹائٹلز کے ساتھ سوئس لیجنڈ راجر فیڈرر ہیں۔
خواتین کے مقابلوں میں آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ سمتھ کورٹ سنگلز کے مقابلوں میں سب زیادہ چوبیس گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز رکھتی ہیں جبکہ خواتین میں دوسرے نمبر پر امریکی اسٹار سرینا ولیمز ہیں، جو 23 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ تیسرے نمبر پر اسٹیفی گراف کا نام آتا ہے، جو 22 مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔
ع ب/اب ا (اے پی، روئٹرز)