انگلش فٹبال ٹيم کے نئے کرتا دھرتا رائے ہاگسن
2 مئی 2012سابق کپتان اسٹيفن جيرارڈ کا کہنا ہے کہ وہ ماضی ميں رائے ہاگسن کے ساتھ کام کر چکے ہيں اور ان کے مطابق ہاگسن ايک اچھے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ايک اچھے منيجر بھی ہيں۔ برطانوی پريس ايسوسي ايشن سے بات کرتے ہوئے جيرارڈ نے مزيد کہا، ’يہ ضروری ہے کہ انہيں دوبارہ موقع ديا گيا ہے۔ ميں ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہوں‘۔
واضح رہے کہ خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق يہ توقع کی جا رہی ہے کہ يورو 2012 کے ليے انگلينڈ کی قومی فٹبال ٹيم کی کپتانی کی ذمہ داری جيرارڈ کو سونپی جا سکتی ہے۔ سابق کپتان جان ٹيری گزشتہ کچھ عرصے سے قانونی مسائل کا شکار رہے ہیں۔ ان پر ايک برطانوی عدالت ميں نسل پرستی کے حوالے سے مقدمہ جاری ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رائے ہاگسن کا بطور منيجر کيرئير میں اونچ نیچ آتی رہی ہے۔ انہيں گزشتہ سيزن میں ليورپول فٹبال کلب کی ناقص کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے فائز کر ديا گيا تھا۔ جبکہ يہ بات ان کے حق ميں جاتی ہے کہ سن 2010 کے يوروپا ليگ ٹورنامنٹ ميں انہوں نے فلہام کی ٹيم کو ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچايا تھا۔
منگل کو بطور کوچ نامزدگی کے بعد رائے ہاگسن کا پہلا امتحان چھبيس مئی کو اوسلو ميں ناروے کے خلاف دوستانہ ميچ ميں ہوگا۔ اس کے بعد رواں سال يوکرائن اور پولينڈ ميں منعقدہ يورو 2012 چيمپيئن شپ کے پہلے مرحلے ميں انگلينڈ کا سامنا ہو گا ميزبان يوکرائن، سوئيڈن اور فرانس کی ٹيموں کے ساتھ۔
as / aa(AFP, Reuters)