امریکی پیراک فیلپس کے ریکارڈ 19 اولمپک تمغے
1 اگست 2012اس طرح اس امریکی پیراک نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ یعنی 18اولمپک تمغے جیتنے کا ریکارڈ سابقہ سوویت یونین کی جمانسٹک کی خاتون کھلاڑی لاریسا لاطینینا کے پاس تھا۔ تاہم منگل کے روز کے دو تمغوں کے ساتھ مائیکل فیلپس کے مجموعی تمغوں کی تعداد لاطینینا کے تمغوں سے ایک زیادہ یعنی 19 ہو گئی۔
27 سالہ Michael Phelps نے چار ضرب دو سو میٹر فری سٹائل ریلے پیراکی میں سونے کا اور دو سو میٹر بٹر فلائی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس مقابلے میں سونے کا تمغہ جنوبی افریقہ کے چاڈ لے کلوس کے حصے میں آیا۔
فیلپس نے اپنی کامیابی کے لیے اپنی ریلے ٹیم کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپنے انہی ساتھیوں کی بدولت وہ یہ بے مثال ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
فیلپس کے اس تاریخی ریکارڈ کے فوراً بعد لندن اولمپکس کے بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کے حوالے سے پریشان کن خبریں منظر عام پر آئی ہیں۔ بیڈ منٹن مقابلوں میں شریک آٹھ خواتین کھلاڑیوں پر اپنے مقابلوں کے دوران جان بوجھ کر کمزور کھیل کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بیڈ منٹن مقابلوں میں شریک چار جوڑیوں پر، جن میں سے ایک کا تعلق چین سے، ایک کا انڈونیشیا سے اور دو کا جنوبی کوریا سے ہے، یہ الزام ہے کہ وہ جانتے بوجھتے اپنی سروس کو نیٹ میں پھینکتی رہیں، شٹل کاک کو میدان سے باہر کی جانب ہِٹ کرتی رہیں یا پھر وقت ضائع کرتی رہیں۔ اُن کے اس انداز سے کھیلنے کا مقصد یہ تھا کہ مقابلوں کے اگلے راؤنڈ میں اُن کا سامنا ایسے کھلاڑیوں سے ہو، جنہیں شکست دینا اُن کے لیے مقابلتاً آسان ہو گا۔ اس دوران لندن کے ویمبلے ایرینا میں موجود تماشائی ان کھلاڑی خواتین پر میچ جیتنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں استعمال نہ کرنے پر آوازے بھی کستے رہے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انہی الزامات کے تحت ان کھلاڑی خواتین کو بیڈ منٹن ورلڈ فیڈریشن BWF کی جانب سے انضباطی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان آٹھوں خواتین کھلاڑیوں کو مقابلوں سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
(aa/km(afp