الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے پر فوکس ہوں: ماریو مونٹی
1 جنوری 2013ماریو مونٹی، اٹلی کے اگلے انتخابات میں ان جماعتوں کو اپنے اتحاد میں شامل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جو وسیع تر یورپی ایجنڈے کی حامی ہیں۔ مونٹی نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کن سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن یہ طے ہے کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر پیئر لوئی جی بیرسانی (Pier Luigi Bersani) کے ساتھ یقینی طور پر معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ مونٹی کی جانب سے یہ وضاحت لُوئی جی بیرسانی کے اُس بیان کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے مونٹی سے کہا تھا کہ وہ اپنی اتحادی حدود کو واضح کریں۔ یہ امر اہم ہے کہ بیرسانی بھی یورپ کے حامی (Pro-Europe) سیاستدان خیال کیے جاتے ہیں۔
مونٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یورپ کے سیاسی اور انضمامی معاملات کے حوالے سے اٹلی کا ایک اہم کردار بنتا ہے اور اس باعث اسے اگلی صفوں میں موجود ہونا ضروری ہے۔ مونٹی کے مطابق اُن کا مقصد ہے کہ وہ اُن مقبول ہوتی جماعتوں کا راستہ روکیں جو یورپ مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ دوسری جانب اٹلی کے صدر جیورجیو ناپولیتانو نے نئے سال کے اپنے پیغام میں مونٹی کے احساسات کو وقعت دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی شرح پیداوار اسی وقت بہتر ہو سکتی ہے جب وہ اپنے یورپی ساتھیوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھے گا۔
دوسری جانب پانچویں مرتبہ اٹلی کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کی خواہش رکھنے والے بزنس مین سیاستدان سلویو برلسکونی نے مونٹی اور ڈیموکریٹک پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ وہ اگلی حکومت کی تشکیل کرنے کی خفیہ ڈیل تحت کر چکے ہیں۔ کچھ دن قبل پیپلز فریڈم پارٹی کے ایک مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ مونٹی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان حکومت سازی کی خفیہ مفاہمت ہو چکی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر لُوئی جی بیرسانی کے دو جماعتی اتحاد کو انتخابات میں برتری حاصل ہونے کا امکان ہے لیکن سینیٹ میں وہ مونٹی کے بلاک کے ساتھ اتحاد کر کے ایک مستحکم اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ اس وقت اٹلی میں ماریو مونٹی کے علاوہ پیپلز فریڈم پارٹی کے لیڈر سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکرٹری جنرل پیئر لُوئی جی بیرسانی وزرات عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔
ابھی چند روز قبل سبکدوش ہونے والے ٹیکنو کریٹ وزیر اعظم ماریو مونٹی نے اگلے عام پارلیمانی الیکشن میں شریک ہونے والی سینٹرسٹ پارٹیوں کے اتحاد کی سربراہی کو قبول کر لیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے خیال میں ایوان زیریں میں یہ اتحاد 15 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر سکتا ہے لیکن یہ سب انتخابی مہم پر منحصر ہو گا۔ ماریو مونٹی کے خلاف ان دنوں سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی کی جماعت نے میڈیا مہم شروع کر رکھی ہے۔
(ah / ai ( Reuters