اقتصادی صورتحال میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں یورپی کمیشن
11 مئی 2012یورپی کمیشن کی جانب سے برسلز میں جاری کی جانے والی پیشین گوئیوں کے مطابق یورپی یونین کے27 رکن ممالک کی مجموعی قومی پیداوار رواں سال پہلے ہی کی طرح رہے گی جبکہ اگلے برس اس میں 1.3 فیصد کے حساب سے اضافے کا امکان ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ2011ء کے اواخر میں بحالی کےعمل میں غیر متوقع تعطّل 2012ء کی پہلی دو سہ ماہیوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ یورو زون کے حوالے سے جو اندازے جاری کیے گئے ہیں ان کے مطابق مشترکہ کرنسی استعمال کرنے والے سترہ ملکوں کی مجموعی قومی پیداوار میں0.3 فیصد کے حساب سے کمی آئے گی جبکہ 2013ء میں ان ملکوں کی اقتصادی صورتحال میں بہتری ہو گی۔
جمعہ کو یورپی کمیشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں یہ امر بھی واضح کیا گیا ہے کہ کئی ممالک آئندہ برس بھی یورپی یونین کی طرف سے طے کردہ بجٹ خسارے کے اہداف پورے نہیں کر سکیں گے۔ ان میں یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کے علاوہ دیگر بڑے ممالک یعنی فرانس، اٹلی اور اسپین بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 2013ء میں فرانس اور اسپین کو اپنا بجٹ خسارہ اپنی مجموعی ملکی پیداوار کے زیادہ سے زیادہ تین فیصد تک لانے کی ضرورت ہے۔ جبکہ اٹلی نے 2013ء میں اپنے بجٹ کو متوازن بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اسپین میں ماریانو راخوئے حکومت بھی یورپی کمیشن سے درخواست کر چکی ہے کہ اسے یونین کے طے کردہ بجٹ خسارے کے پورا کرنے کے حوالے سے وقتی طور پر چُھوٹ دی جائے۔ یورپی یونین کی موسم بہار کی اقتصادی پیشین گوئی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسپین میں بجٹ خسارہ مجموعی ملکی پیداوار کے 6.3 فیصد تک پہنچ جائے گا۔ فرانس میں یہ 4.2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ یورپی کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اُس کے اعداد و شمار پالیسییوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہ لانے کے مفروضے پر مبنی ہیں۔ اس سے قبل یورپی کمیشن نے اسی طرح کی ایک رپورٹ 23 فروری کو شائع کی تھی۔ اُس میں یورو زون میں معمولی سی کساد بازاری کا ذکر کرتے ہوئے مجموعی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیا گیا تھا۔
ai/aa(Reuters,dpa)