اطالوی گراں پری سباستیان فیٹل کے نام
8 ستمبر 2013یہ موجودہ سیزن کی بارہویں ریس تھی، جن میں سے آج کی ریس سمیت فیٹل چھ ریسز جیت چکے ہیں۔ اب انہیں اپنے قریب ترین حریف اسپین کے فیراری ڈرائیور فرنانڈو آلانسو پر 53 پوائنٹس کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ آلانسو فیٹل سے 5.4 سیکنڈ بعد منزل پر پہنچے اور یوں اس ریس میں دوسرے نمبر پر رہے۔
آج کی ریس میں کامیابی تین بار عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے سباستیان فیٹل کے لیے مونزا میں اب تک تیسری اور اُن کے کیریئر کی مجموعی طور پر 32 ویں کامیابی تھی۔ فیٹل نے یہ ریس پول پوزیشن سے شروع کی۔ اس دوران مسلسل یہ خطرہ لگا رہا کہ بارش ہو جائے گی تاہم بارش نہ ہوئی۔ فیٹل کو بھی اپنے حریفوں سے زیادہ بارش سے ہی خطرہ تھا۔
آج کی ریس میں تیسری پوزیشن ریڈ بُل ٹیم ہی کے مارک ویبر نے حاصل کی، جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اور جو رواں سیزن کے اختتام پر فارمولا وَن سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس طرح یورپی سرزمین پر یہ ویبر کے کیریئر کی آخری ریس تھی۔
اب سباستیان فیٹل کے پوائنٹس کی تعداد 222 ہو گئی ہے جبکہ آلانسو کے 169 پوائٹنس ہیں۔ مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے گزشتہ سال کے اطالوی گراں پری فاتح اور مرسیڈیز ڈرائیور لیوئس ہیملٹن 141 پوائنس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ برطانوی ڈرائیور ہیملٹن آج کی ریس میں 9 ویں نمبر پر رہے۔
ابھی رواں سیزن کی مزید سات ریسز منعقد ہونا باقی ہیں۔ اگلی ریس بائیس ستمبر کو سنگاپور میں منعقد ہو گی۔