اشٹٹ گارٹ کے ہاتھوں ہوفن ہائیم کو شکست
18 فروری 2013بنڈس لیگا کے بائیسویں میچ ڈے کا کل آخری دِن تھا اور اس موقع پر حسبِ معمول دو آخری مقابلے ہوئے۔ پہلے میچ میں اشٹٹ گارٹ نے ہوفن ہائیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
یہ ہار ہوفن ہائیم کی گرتی ہوئی ساکھ کے لیے ایک اور دھچکا ثابت ہوئی۔ یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سولہویں نمبر پر ہے اور رواں سیزن کے اختتام تک یہ ایک قدم اوپر جانے میں ناکام رہی تو اسے بنڈس لیگا کے درجہ اوّل سے اخراج کا خطرہ لاحق ہو جائے ہے۔
دوسری جانب اتوار کے میچ میں جیت اشٹٹ گارٹ کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن کے لحاظ سے بھی اچھی رہی ہے۔ اس جیت کی بدولت یہ ٹیم اس ہفتے بارہویں نمبر پر چلی گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 28 ہو گئے ہیں۔
بائیسویں میچ ڈے کا آخری مقابلہ نیورمبرگ اور ہینوور کے درمیان تھا، جو دو دو گول سے برابر رہا۔ یہ نتیجہ نیورمبر گ کو خاصا مہنگا پڑا ہے۔ جیت کی صورت میں یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر یقینی طور پر گیارہویں نمبر پر چلی جاتی جبکہ اب یہ چودھویں نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس 26 ہیں۔
دوسری جانب ہینوور نے اس میچ کے نتیجے میں ملنے والے ایک پوائنٹ کا بھی بہت فائدہ اٹھایا ہے اور یہ ٹیم شالکے اور مؤنشن گلاڈ باخ کو نیچے دھکیلتے ہوئے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
قبل ازیں جمعے کو اس میچ ڈے کے پہلے روز بنڈس لیگا کی سرِ فہرست ٹیم بائرن میونخ نے وولفس برگ کو دو صفر سے مات دی تھی۔ ہفتے کو اس میچ ڈے کے دوسرے روز ہیمبرگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک صفر سے شکست دی۔
ہفتے کو اس میچ ڈے کے چھ مقابلے ہوئے تھے۔ ان میں فرائی برگ نے بریمن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ لیور کوزن نے آؤگس برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ ڈسلڈورف نے گروئیھر فیؤرتھ کو ایک صفر سے پچھاڑا۔ ڈورٹمنڈ نے آئنتراخت فرینکفرٹ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ مائنز اور شالکے کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔
بائرن میونخ 57 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ڈورٹمند دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس 42 ہیں۔ تیسرے نمبر پر بائر لیورکوزن ہے، جس کے پوائنٹس41 ہیں۔ آئنتراخت فرینکفرٹ چوتھی پوزیشن پر ہے اور اس کے پوائنٹس 37 ہیں۔ چونتیس 34 پوائنٹس کے ساتھ فرائی برگ اور ہیمبرگ بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ