اسرائیل میں چاقو حملہ :ایک شخص ہلاک، چار زخمی
3 مارچ 2025اسرائیلی پولیس نے پیر تین مارچ کو تصدیق کی کہ اسرائیلی بندرگاہی شہر حائفہ میں چاقو کے ایک حملے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ایک اسرائیلی شہری تھا، جو کئی ماہ بیرون ملک گزارنے کے بعد حال ہی میں اسرائیل واپس لوٹا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، حملہ آور نے پیر کی صبح حائفہ کے مرکزی بس اسٹیشن میں کئی افراد پرچاقو سے حملہکیا، جس کے بعد ایک سکیورٹی گارڈ اور ایک شہری نے اسے ہلاک کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور حائفہ کے مشرق میں واقع شہر شفارعم کا رہائشی تھا، جو عربی بولنے والی دروز اقلیت کا ایک بڑا مرکز ہے۔
حکام کے مطابق، حملہ آور نے گزشتہ چند ماہ بیرون ملک گزارے اور گزشتہ ہفتے اسرائیل واپس آیا تھا۔
حملے میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا، جبکہ تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیل میں تعینات جرمن سفیر شٹیفان زائبرٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حملے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا، ''یہ ایک اور خوفناک اور بزدلانہ دہشت گرد حملہ ہے، اس بار حائفہ میں۔‘‘
انہوں نے ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی اور کہا، ''دونوں طرف کے لوگوں کو ایسےناقابلِ دفاع جرائم کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔‘‘
فلسطینی عسکری گروپ حماس نے اس حملے کو ''بہادری کا مظاہرہ‘‘ قرار دیا اور فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلیوں کے خلاف مزید پرتشدد کارروائیاں کریں۔
ع ت/ا ب ا، ر ب (اے ایف پی، ڈی پی اے)