آفریدی کا ریکارڈ، پاکستان کی فتح
28 جولائی 2013ویسٹ انڈیز کے دورے پر پہنچی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد دو میچوں پر مبنی ٹونٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز بھی سنسنی خیز کامیابی سے کیا ہے۔ سینٹ ونسینٹ کے دارالحکومت کنگز ٹاؤن میں کھیلے جانے والے اس میچ کا اختتام پاکستان کی جانب سے پہلا ٹی ٹونٹی کھیلنے والے کھلاڑی ذوالفقار بابر نے ایک شاندار چھکے سے کیا۔ اس وقت مقررہ 20 اوورز مکمل ہونے میں محض دو گیندیں باقی تھیں۔
شاہد آفریدی کا اعزاز
ویسٹ انڈیز کے خلاف اس پہلے ٹونٹی ٹونٹی میچ کے دوران مایہ ناز پاکستانی کرکٹ اسٹار شاہد خان آفریدی نے ایک شاندار ریکارڈ بھی قائم کیا۔ وہ دنیائے کرکٹ کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کیریئر میں 400 چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس میچ میں انہوں نے 36 گیندوں پر 46 رنز بنائے جن میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل شاہد آفریدی کے بعد سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اب تک 353 چھکے لگائے ہیں۔
عمر امین، ایک شاندار اضافہ
اسی میچ میں ایک اور پاکستانی بیٹسمین عمر امین نے بھی ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا۔ وہ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے لیے چار ٹیسٹ اور چھ ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ عمر امین نے اپنے پہلے ہی بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔عمر امین نے 34 گیندوں پر یہ اسکور نو چوکوں کی مدد سے بنایا۔
ہفتہ 27 جولائی کو کھیلے جانے والے اس میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈے جے سمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم ان کا یہ فیصلہ ابتداء میں ہی اس وقت ان کے خلاف جاتا محسوس ہوا جب ساتویں اوور میں محض 42 رنز تک پہنچتے پہنچتے ویسٹ انڈیز کی چار وکٹیں گِر چکی تھیں۔ بعد میں براوو اور پولارڈ نے اننگز کو سہارا دیا اور جب براوو سولہویں اوور میں آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور 98 ہو چکا تھا۔ پولارڈ نے اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری اوورز سمی اور پولارڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 153 کا ہدف دیا۔
جواب میں پاکستانی اننگز کا آغاز بھی زیادہ بہتر نہ ہوا اور محض 10 رنز پر پاکستان کی دو وکٹیں گِر چکی تھیں۔ تاہم عمر امین، کپتان محمد حفیظ اور شاہد خان آفریدی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے یہ میچ دو وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ آفریدی کا میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج اتوار کے روز سینٹ ونسٹ کے دارالحکومت کنگز ٹاؤن کے اسی گراؤنڈ پر ہی کھیلا جائے گا۔ جس کے ساتھ ہی پاکستان کا موجودہ دورہ ویسٹ انڈیز بھی مکمل ہو جائے گا۔ قبل ازیں پانچ ون ڈے میچوں پر مبنی سیریز میں مہمان پاکستانی ٹیم تین ایک سے جیت چکی ہے۔