آسڑیلین گراں پری کے فاتح بٹن، فیٹل دوسرے نمبر پر
18 مارچ 2012آج کی یہ ریس فارمولان موٹر ریسنگ کی اس سال کی عالمی چیمپئن شپ کی پہلی ریس تھی۔ اس دوڑ میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے نوجوان ڈرائیور سیباستیان فیٹل دوسرے نمبر پر رہے۔ فیٹل پچھلے سال کے عالمی چیمپئن ہیں جو اس سال اپنے اعزاز کا دفاع کر رہے ہیں۔
فیٹل اب تک دو مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز سن دو ہزار دس اور دو ہزار گیارہ میں مسلسل دو مرتبہ حاصل کیا۔ وہ اس سال ایک بار پھر یہ چیمپئن شپ جیت کر مسلسل تین مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے سب سے کم عمر ڈرائیور کا اعزاز بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ملبورن گراں پری میں جینسن بٹن کی کامیابی آسٹریلیا میں البرٹ پارک ٹریک پر پچھلے چار سالوں میں ان کی مجموعی طور پر تیسری کامیابی ہے۔ بٹن ماضی میں فارمولا ون کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں اور آسٹریلین گراں پری میں ان کی فتح مجموعی طور پر ان کے کیریئر کی تیرہویں کامیابی تھی۔
آج کی ریس میں جینسن بٹن کے ہم وطن ڈرائیور لوئس ہملٹن تیری پوزیشن پر رہے۔ انہوں نے اس ریس میں پول پوزیشن حاصل کی تھی اور آج مقابلہ شروع ہونے پر باقی تمام ڈرائیوروں سے آگے تھے۔
سیباستیان فیٹل کے ساتھی اور ریڈ بُل ٹیم کے دوسرے ڈرائیور مارک ویبر ملبون سرکٹ پر چوتھے نمبر پر رہے۔ یہ ریس مارک ویبر کے لیے ہوم ریس تھی کیونکہ ان کا تعلق آسٹریلیا ہی سے ہے۔
اس ریس میں شامل جرمنی سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ ڈرائیور اور سات مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے میشا ئیل شوماخر ملبورن سرکٹ پر دسویں چکر میں مقابلے سے خارج ہو گئے۔
رپورٹ عصمت جبیں
ادارت عدنان اسحاق