آسٹریلین اوپن: وکٹوریا آذارینکا چیمپئن شپ کی فاتح
26 جنوری 2013ہفتے کے روز کھیلے جانے والی خواتین کی چیمپئن شپ کے فائنل میں لی نا نے اُسی کھیل کا مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے سیمی فائنل میں پیش کرتے ہوئے ماریا شاراپووا کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ پہلے سیٹ کی پہلی گیم ضرور عالمی نمبر ایک نے جیتی لیکن بعد میں چینی کھلاڑی نے کھیل پر کنٹرول حاصل کر کے پے در پے اگلی گیمز میں کامیابیاں سمیٹتے ہوئے سیٹ کو جیت لیا۔ مجموعی طور پر وکٹوریا آذارینکا کا کھیل پہلے سیٹ میں خاصا کمزور رہا۔ لی نا نے پہلا سیٹ چھ چار (6-4) سے جیتا۔
دوسرے سیٹ میں وکٹوریا آذارینکا نے قدرے مناسب کھیل شروع کیا اور ابتدائی تین گیمز میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد دباؤ میں آئی چینی کھلاڑی لی نا نے ایک بار ابھرنا شروع کیا تو ان کو تیز رفتار سے بھاگتے ہوئے پاؤں میں موچ آ گئی لیکن اس انجری نے بھی لی نا کے حوصلے کو کم نہیں کیا اور وہ کھیلتی رہیں۔ وکٹوریا آذارنیکا نے ایک سخت مقابلے کے بعد دوسرے سیٹ میں کامیابی حاصل کی۔
فائنل میچ کے تیسرے سیٹ میں لی نا ایک بار پھر وکٹوریا آذارینکا کی شاٹ کو واپس کرتے ہوئے گر پڑیں لیکن ان کو ایک مرتبہ پھر کورٹ میں ہی طبی سہولت فراہم کی گئی۔ اس کے باوجود لی نا کے جارحانہ کھیل میں کمی واقع نہ کی۔ وہ مسلسل عالمی نمبر ایک کو سخت مزاحمت دیتی رہیں۔ وکٹوریا آذارینکا تیسرا سیٹ جیت کر اپنے عالمی نمبر ایک کے اعزاز کو بھی بچانے میں کامیاب رہیں۔ خواتین کا فائنل میچ دو گھنٹے اور چالیس منٹ تک جاری رہا۔
فائنل میچ جیتنے پر وکٹوریا آذارینکا کو چیمپئن شپ ٹرافی کے علاوہ 24 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم بھی دی گئی۔ لی نا کو نصف یعنی 12 لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر بطور انعام دیے گئے۔ یہ رقم مردوں کی چیمپئن شپ کے مساوی ہے۔ سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والے تمام کھلاڑی پانچ پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم کے حقدار ٹھہرے تھے۔
گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا کلائمیکس یا نقطہ عُروج خواتین اور مردوں کے فائنل میچ قرار دیے جاتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا اختتام بھی مردوں کی چیمپئن شپ پر ہوتا ہے۔ آسٹریلین اوپن میں مردوں کی چیمپئن شپ کل اتوار کے روز کھیلی جائے گی۔ اس فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو برطانیہ کے اینڈی مرے کا سامنا ہے۔ اینڈی مرے نے سیمی فائنل میں راجر فیڈرر کو ہرایا تھا۔
سیمی فائنل میچ کے دوران بیلا روس کی خاتون کھلاڑی وکٹوریا آذارینکا کو شائقین کے شور کا بھی سامنا تھا اور اس کی وجہ سیمی فائنل میچ کے دوران فیصلہ لمحات میں ان کا طبی علاج کا حصول خیال کیا گیا۔ سابق کھلاڑیوں کے بقول یہ کھیل کی اسپرٹ کے منافی تھا کیوں کہ اس وقت گو کہ امریکی کھلاڑی سلون اسٹیفنز شکست کی قریب تھیں لیکن وہ آذارینکا کو ٹف ٹائم دے رہی تھیں۔ آذارینکا کے مطابق طبی علاج کی ضرورت اس لیے پیدا ہو گئی تھی کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا اور امکاناً ان کی پسلی بھی چڑھ گئی تھی۔
ٹینس کے ایک سال میں چار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ہوتے ہیں۔ دوسرا ٹورنامنٹ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھیلا جائے گا۔ فرنچ اوپن کا آغاز 26 مئی کو ہو گا۔ یہ ٹورنامنٹ پیرس کے نواح میں واقع رولاں گیروس (Roland Garros) ٹینس کمپلیکس میں منعقد کیا جاتا ہے۔
ah / shs (dpa, AFP)