آسٹریلین اوپن نواک جوکووچ نے جیت لیا
29 جنوری 2012اس فائنل مقابلے کا پہلا سیٹ رافائل نادال نے پانچ سات سے جیتا۔ تاہم دوسرے اور تیسرے سیٹ میں نواک جوکووچ کھیل پر مکمل طور پر چھائے رہے۔ یہ دونوں سیٹ جوکووچ نے بالترتیب چھ چار اور چھ دو سے اپنے نام کیے۔ چوتھے سیٹ میں رافائل نادال نے کم بیک کرتے ہوئے جوکووچ کو بڑے معمولی مارجن یعنی چھ سات سے شکست دی اور دو دو سیٹ سے کھیل برابر کر دیا۔
آخری سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے جان توڑ محنت کی تاہم نادال کو جوکووچ کی طاقتور شارٹس کے مقابلے میں تمام داؤ چل لینے کے باوجود بڑی برتری حاصل نہ ہو سکی۔ آسڑیلین اوپن کے فائنل کا آخری سیٹ سربیا کے نواک جوکووچ نے سات پانچ سے اپنے نام کرتے ہوئے سال کا پہلا گرینڈ سلیم جیت لیا۔ یہ مقابلہ پانچ گھنٹے اور 53 منٹ تک جاری رہا۔
عالمی نمبر رینکنگ میں نمبر ایک جوکووچ کا یہ پانچوں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے، جو انہوں نے اپنی 25 سالگرہ سے قبل حاصل کر لیا ہے۔ آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلوں میں رافائل نادال سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر اور نواک جوکووچ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے تھے۔
اس سے قبل گرینڈ سلیم مقابلوں کے فائنل کا سب سے طویل مقابلہ سن 1988ء میں یو ایس اوپن کے موقع پر دیکھنے میں آیا تھا۔ وہ میچ چار گھنٹے اور 54 منٹ تک جاری رہا تھا۔
گزشتہ روز آسٹریلین اوپن کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں بیلا روس کی وکٹوریہ ایزارینکا نے روسی کھلاڑی ماریہ شاراپووا کو اسٹریٹ سیٹس میں چھ تین اور چھ صفر سے ہرا کر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم جیت لیا ہے۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے اس میچ میں شاراپووا ایزارینکا کے سامنے بے بس دکھائی دیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی ایزارینکا ٹینس رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھی آ گئی ہیں۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: عدنان اسحاق