آسٹریلین اوپن: نقطہٴ عروج کے قریب
25 جنوری 2013ٹینس کھیل کے رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے ختم ہونے میں اب صرف دو تین دن رہ گئے ہیں۔ ان ایام میں ڈبلز کے سیمی فائنل اور فائنل مرحلوں کے میچ مکمل ہوں گے۔ ان کے علاوہ توجہ کا طالب مردوں کے سنگلز کا دوسرا سیمی فائنل ہے۔ یہ سیمی فائنل میچ راجر فیڈرر اور اینڈی مرے کے درمیان آج جمعے کے روز کھیلا جائے گا۔ اس سے پہلے جمعرات کے روز کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کا پہلا سیمی فائنل میچ عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن نوواک جوکوووچ نے جیت لیا تھا۔
مردوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکوووچ نے ہسپانوی کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کو انتہائی آسانی سے ہرایا۔ تین سیٹ کے میچ میں ڈیوڈ فیرر (David Ferrer) اس معیار کا کھیل پیش کرنے سے قاصر رہے جس کا مظاہرہ انہوں نے کوارٹر فائنل مرحلے میں اپنے ہم وطن نکولاس الماگرو (Nicolas Almagro) کے خلاف کیا تھا۔ جوکووچ نے سیمی فائنل کے میچ کے دوران مکمل ہونے والے تین سیٹوں کے دوران جو کھیل پیش کیا وہ یقینی طور پر انتہائی اعلیٰ معیار کا تھا۔ ٹینس کے سابق کھلاڑی اور ناقدین نے پرزور الفاظ میں اس کی تعریف کی ہے۔
جمعرات ہی کے روز خواتین کے دو سیمی فائنل میچ کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں چین کی لی نا (Li Na) نے روس کی عالمی نمبر دو ماریا شاراپووا کو نہایت آسانی سے ہرا دیا۔ دو سیٹ کے میچ میں شاراپووا اپنے شایان شان کھیل پیش کرنے سے قاصر رہیں۔ امریکی اسٹار سیرینا ولیمز کے بعد ماریا شاراپووا، وہ دوسری خاتون ہیں جو رواں برس کے آسٹریلین اوپن کی فیورٹ خیال کی جا رہی تھیں، تاہم فائنل تک رسائی میں ناکام رہیں۔ سیرینا ولیمز کو کوارٹر فائنل میں ان کی ہم وطن سلون اسٹیفنز (Sloane Stephens) نے تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ دوران میچ سیرینا ولیمز کمر کی تکلیف کا شکار ہو گئی تھیں۔ چین کی خاتون کھلاڑی کے عمدہ کھیل کا اعتراف ماریا شاراپووا نے میچ کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
دوسرا سیمی فائنل موجودہ عالمی نمبر ایک وکٹوریا آذارینکا اور امریکی سلون اسٹیفنز کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں عالمی نمبر ایک چھائی رہی لیکن میچ کے اختتامی لمحات میں آذارینکا کو طبی سہولت کے سہارا لینا پڑا اور میچ دس منٹ تک رکا رہا۔ اس پر تنازعہ کھڑا ہو گیا کہ آذارینکا نے اس وقت علاج کا سہارا لیا جب وہ مسلسل میچ پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام ہو رہی تھیں۔ میچ کے فوری بعد کورٹ کے اندر ہی وکٹوریا آذارینکا نے بتایا کہ شدید گرمی کی وجہ سے وہ سانس لینے میں دشواری کا سامنا کر رہی تھیں اور اپنے نظام تنفس اور پسلی کے چڑھ جانے کا علاج اشد ضروری ہو گیا تھا۔
خواتین کی چیمپئن شپ کے حصول کا فائنل میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔ وکٹوریا آذارینکا گزشتہ سال کی چیمپئن بھی ہیں اور اب ان کو چینی کھلاڑی لی نا کا سامنا ہے۔ مردوں کا فائنل میچ اتوار کے روز ہو گا۔ ٹینس کھیل کا اگلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن ہے اور وہ چھبیس مئی سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہو گا۔
(ah / at (Reuters