آسٹریلین اوپن: نادال اور شاراپووا فائنل میں
27 جنوری 2012عالمی نمبر دو ہسپانوی ٹینس کھلاڑی رافائل نادال نے سابقہ عالمی نمبر ایک اور سولہ گرینڈ سلیمز کے فاتح راجرر فیڈرر کو چار سیٹس میں سات چھ، چھ سات، چھ دو اور چھ چار سے شکست دے کر فیڈرر پر اپنی برتری کا سلسلہ برقرار رکھا۔ فیڈرر میچ کا پہلا سیٹ جیتنے کے باوجود نادال کو پوری طرح قابو میں نہیں کر سکے اور وہ بقیہ تمام سیٹس ہار گئے۔
آج جمعے کے روز مردوں کا دوسرا سیمی فائنل عالمی نمبر ایک سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ اور برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میچ میں فتح کے بعد نادال نے اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا: ’’یہ ایک غیر معمولی فتح تھی۔ میں بہت خوش ہوں کہ میرا مقابلہ ٹینس کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی سے تھا۔ یہ ایک ایسی فتح ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔‘‘
خیال رہے کہ گرینڈ سلیمز میں یہ نادال اور فیڈرر کا دسواں میچ تھا۔ دس میں سے آٹھ میچ نادال جبکہ دو فیڈرر نے جیتے ہیں۔ اس سے قبل ایوان لینڈل اور جان میک اینرو نے گرینڈ سلیمز کے دس میچوں میں ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا۔ لینڈل نے دس میں سے سات میچ جبکہ میک اینرو نے تین میچ جیتے تھے۔
دوسری جانب خواتین سنگلز کے ایک سیمی فائنل میں روسی کھلاڑی شاراپووا نے چیک کھلاڑی پیٹرا کویٹووا کو تین سیٹس میں شکست دے دی۔ شاراپووا پہلا سیٹ جیتنے کے بعد دوسرے سیٹ میں لڑکھڑا گئیں، تاہم آخری سیٹ میں انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ کویٹووا کو ہرانے میں کامیاب رہیں۔
خواتین کا فائنل ہفتے کے روز شاراپووا اور وکٹوریا ایزارینکا کے درمیان کھیلا جائے گے۔ مردوں کے فائنل کا تعین آج جمعے کے روز اینڈی مرے اور جوکووچ کے سیمی فائنل سے ہوگا۔ گزشتہ برس جووکووچ ناقابل شکست رہے ہیں۔ انہوں نے نادال کو گزشتہ برس کھیلے گئے چھ مقابلوں میں لگاتار شکست دی اور ان سے عالمی نمبر ایک کا درجہ بھی چھین لیا۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ