آسٹریلین اوپن، فیڈرر اور نادال کا سیمی فائنل میں ٹاکڑا
23 جنوری 2014بدھ کے دن میلبورن میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے اینڈی مرے کو تین چھ، چھ چار، چھ سات، اور چھ تین سے مات دی۔ قبل ازیں بدھ کو ہی عالمی نمبر ایک رافائل نادال کوارٹر فائنل میں بلغاریہ کے گیورگی دیمتروف کو تین چھ، سات چھ، سات چھ اور چھ دو سے شکست دینے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
جمعرات کے دن کھیلے جانے والے آسٹریلین اوپن کے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں تھوماس بیردیش کا مقابلہ سٹان اسلاس ووارنکا سے ہو گا جب کہ جمعے کے دن کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں راجر فیڈرر اور رافائل نادال مد مقابل ہوں گے۔ ووارنیکا نے کوارٹر فائنل مقابلے میں نوواک جوکووچ کو شکست دی تھی۔ امید کی جا رہی ہے کہ جوکووچ کے باہر ہونے کی وجہ سے دوسرے سیمی فائنل مقابلے کا فاتح آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
بدھ کے دن ہی ہوئے خواتین سنگلز کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں اگنی ایشکا راوانڈاسکا نے دفاعی چیمپئن وکٹوریہ اذارنیکا کو مات دے دی۔ راونڈاسکا نے یہ میچ چھ ایک، پانچ سات اور سات چھ سے اپنے نام کیا۔ میچ کے بعد راونڈاسکا نے کہا، ’’ یہ میچ میرے لیے کافی مشکل تھا کیونکہ میں ماضی میں اذارنیکا سے متعدد مرتبہ شکست کھا چکی ہوں۔ میں یہ جانتی تھی کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘ اذارنیکا مسلسل تیسری مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے کی کوشش میں تھیں۔
بیلاروس سے تعلق رکھنے والی اذارنیکا کی شکست کے بعد اب رواں برس کے اس پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں عالمی رینکنیگ میں پہلی تین پوزیشنوں پر موجود خواتین اسٹارز اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ قبل ازیں سیرینا ولیمز اور ماریا شاواپوا بھی ہارنے کے بعد آسٹریلین اوپن سے باہر ہو چکی ہیں۔ یہ بھی اب لازم ہو گیا ہے کہ اس مرتبہ آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل کسی نئی خاتون کھلاڑی کو ملے گا کیونکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں خواتین یہ ٹائٹل ماضی میں کبھی بھی نہیں جیت سکی ہیں۔
راونڈاسکا سیمی فائنل میں سلوواکیہ کی دومینیکا سیبل کاوا کے مدمقابل ہوں گی۔ سیبل کاوا نے کوارٹر فائنل میں سیمونا ہالپ کو چھ تین اور چھ صفر سے ہرایا تھا۔ آسٹریلین اوپن کے دوسرے سیمی فائنل میں چینی کھلاڑی لی نا اور کینیڈا کی ٹین ایج کھلاڑی یوجینی بوشآڈ کے مابین مقابلہ ہو گا۔