آسٹریلین اوپن: تیسرے راؤنڈ کی دہلیز پر
17 جنوری 2013امریکی اسٹار کھلاڑی سیرینا ولیمز اس وقت عالمی نمبر تین ہیں اور انہوں نے دوسرے مرحلے میں گاربینے مُوگُو روزا (Garbine Muguruza) کو دو سیٹ میں آسانی سے ہرایا۔ گزشتہ میچ میں سیرینا ولیمز کو ٹخنے کی انجری کا بھی سامنا تھا لیکن آج جمعرات کے میچ میں وہ خاصی پرجوش تھیں اور امکاناً اسی باعث اپنے ریکٹ سے اپنا ہونٹ زخمی کر بیٹھی تھیں۔ سیرینا ولیمز اس کوشش میں ہیں کہ وہ اپنے سولہویں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کر لیں اور اس صورت میں وہ ایک بار پھر عالمی نمبر ایک بھی بن سکتی ہیں۔ میلبورن میں اگر وہ کامیاب ہوتی ہیں توآسٹریلین اوپن چیمپئن شپ میں یہ ان کی چھٹی جیت ہو گی۔ ان کی بہن وینس ولیمز بھی تیسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب آج ہی جمعرات کے روز ویمن عالمی نمبر ایک بیلا روس کی وکٹوریا آذارینکا بھی اپنا میچ خاصی آسانی سے جیتنے میں کامیاب رہیں۔ آذارینکا نے یونانی کھلاڑی ایلینا ڈانیلیڈُو (Eleni Daniilidou) کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دی۔ بیلا روس کی خاتون کھلاڑی مجموعی طور پر 47 ہفتوں سے عالمی نمبر ایک چلی آ رہی ہیں۔ آذارینکا کو اگلے راؤنڈ میں امریکی کھلاڑی جیمی ہامپٹن سے میچ کھیلنا ہے۔ گزشتہ برس عالمی نمبر ایک کا اعزاز کھونے والی ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی کیرولین ووزنیاکی بھی دوسرے مرحلے میں کروشیائی کھلاڑی ڈونا ویکچ (Donna Vekic) کو ہرا کر اپنا میچ جیت گئی ہیں۔
جاپان کی خاتون کھلاڑی کیمیکو ڈیٹ کرُوم (Kimiko Date-Krumm) بھی دوسرے مرحلے میں اسرائیل کی شاہار پیئر کو دو سیٹ کے میچ میں شکست دینے میں کامیاب رہی ہیں۔ گزشتہ 34 برسوں میں تیسرے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی وہ سب سے زیادہ عمر کی خاتون کھلاڑی ہیں۔ اس وقت کیمیکو ڈیٹ کرُوم کی عمر 42 برس ہے۔ ایک اور جاپانی کھلاڑی ایُومی موریٹا (Ayumi Morita) بھی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ہو گئیں ہیں۔ بائیس سالہ موریٹا کا تیسرے مرحلے میں سامنا امریکی اسٹار سیرینا ولیمز سے ہے۔ سیرینا ولیمز کی بہن وینس ولیمز کو عالمی نمبر دو روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا سے اپنا میچ کھیلنا ہے۔
ٹینس کھیل کے جدید دور میں لیجنڈ کا درجہ حاصل کرنے والے راجر فیڈرر نے بھی دوسرے راؤنڈ میں روسی کھلاڑی نکولائی ڈیوی ڈینکو کو تین سیٹ میں ہرایا۔ ان دنوں فیڈرر کی فارم عمدہ چل رہی ہے۔ تیسرے راؤنڈ میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کا میچ آسٹریلوی کھلاڑی برنارڈ ٹومک سے ہے۔ ٹومک کو مقامی شائقین کا پسندیدہ کھلاڑی خیال کیا جاتا ہے۔ دوسرے راؤنڈ میں ٹومک نے جرمنی کے کھلاڑی ڈانیئل برانڈز کو چار سیٹ کے میچ میں ہرایا تھا۔ راجر فیڈرر اب تک چار مرتبہ آسٹریلوی اوپن کو جیت چکے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں ارجنٹائن کے خوان مارٹین ڈیل پوٹرو بھی بینجمن بیکر نامی کھلاڑی کو شکست دیتے ہوئے تیسرے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے کے میچ جیتنے والوں میں فرانس کے گائل مونفل، گیلز سائمن اور جریمی چارڈ کے ساتھ ساتھ کروشیا کے مارین چیلچ بھی شلامل ہیں۔ سربیا کے نوواک جوکووچ کو تیسرے راؤنڈ میں چیک جمہوریہ راڈنک اشٹیپانیک کا سامنا ہو گا۔ برطانیہ کے اینڈی مرے بھی دوسرے مرحلے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
(ah / ai (AP, AFP