آسٹریلین اوپن: اعصام الحق ڈبلز کے اگلے راؤنڈ میں
18 جنوری 2013ٹینس کھیل کے ڈبلز مقابلوں میں پاکستان کے اعصام الحق آج کل ہالینڈ کے ژاں ژولین روژر (Jean-Julien Rojer) کے ساتھ جوڑی بنائے ہوئے ہیں۔ اس جوڑی کو آسٹریلین اوپن میں ڈبلز مقابلوں میں چھٹی بہترین جوڑی قرار دیا گیا ہے۔ آج جمعے روز اعصام الحق اور ژاں ژولین کا دوسرے راؤنڈ کا میچ بیلجیئم کی جوڑی زاویئر میلیسی (Xavier Malisse) اور ڈِک نارمن (Dick Norman) کے ساتھ تھا۔
دوسرے راؤنڈ کے اس میچ کا پہلا سیٹ خاصا زوردار تھا۔ اعصام اور ان کے ساتھی کو بیلجیئم کی جوڑی کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا۔ پاکستانی اور ولندیزی جوڑی نے پہلا سیٹ سات چھ (7-6) سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں زاویئر میلیسی اور ڈِک نارمن نے مقابلہ کرنے کی کوشش تو ضرور کی لیکن ان کی ہمت جواب دے گئی۔ دوسرا سیٹ اعصام اور ان کے ساتھ نے بڑی آسانی سے جیت لیا۔
بتیس برس کے اعصام الحق کا تعلق لاہور سے ہے۔ اب عالمی سطح پر ٹینس کے مینز ڈبلز میں ان کو ایک اہم کھلاڑی خیال کیا جاتا ہے۔ وہ سن 2010 میں یُو ایس اوپن کے فائنل تک بھی پہنچ گئے تھے لیکن امریکی جوڑی برائن برادرز سے ہار گئے تھے۔ سن 2012 کے آسٹریلین اوپن میں ڈبلز کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ گزشتہ برس ہی وہ اپنے ولندیزی کے ساتھ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل کھیلنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
دوسری جانب میلبورن میں جاری آسٹریلین اوپن میں جمعے کے روز سربیا کے نوواک جوکووچ نے مسلسل اپنا سترہواں میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔ وہ عالمی نمبر ایک بھی رہ چکے ہیںے اس وقت راجر فیڈرر اور رافائل ندال کے ہمراہ عالمی لیول کے کھلاڑی خیال کیے جاتے ہیں۔ تیسرے راؤنڈ کے میچ میں انہوں نےچیک جمہوریہ کے راڈیک اسٹیپانیک (Radek Stepanek) کو تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔
آسٹریلین اوپن میں جمعرات کی رات پہلا اپ سیٹ ہوا جب برطانیہ کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی لارا ٹامپسن نے عالمی نمبر آٹھ پیٹرا کویٹیووا کو ایک انتہائی دلچسپ مقابلے میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ آج جمعے کے روز سربیا سے تعلق رکھنے والے سابقہ عالمی نمبر ایک انا ایوانووچ اور ژالینا ژانکووچ کے درمیان میچ خاصا اہم خیال کیا جا رہا تھا۔ یہ میچ ایوانووچ نے جیت لیا۔ اس طرح وہ پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں داخل ہو گئی ہیں۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جرمن کھلاڑی انگلیک کیربیر اور چین کی لی نا بھی ہیں۔
(ah / aba (AFP